سیاسیات

خواجہ آصف نے متوقع وزیر اعظم کا نام بتا دیا ، مریم اورنگزیب کی تردید

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف کا بیان سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا جارہا ہے، پارٹی واضح کرنا چاہتی ہے کہ وزیراعظم کے امیدوار کا نام ابھی طے نہیں ہوا۔

سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں مریم اورنگزیب نے واضح کیا کہ اتحادیوں کے ساتھ سیاسی مشاورت پر وزیراعظم کا نام متفقہ طور پر طے ہوگا، اس ضمن میں ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ بات چیت اور رابطوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے بعد میڈیا کے ذریعے قوم کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے بیان دیا تھا کہ اگلے دو تین دن میں مخلوط حکومت کی شکل نکل آئے گی، وزیراعظم کیلئے شہباز شریف ن لیگ کے امیدوار ہوں گے، شہبازشریف کو تجربہ بھی ہے اور وہ ایک بار وزیراعظم بھی رہ چکے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ کوئی اتحاد تشکیل دے دیا جائے گا تو اس کی طرف سے نام آئے گا، اتحاد پیپلز پارٹی کی طرف سے آنے والے نام پر بھی غور کرے گا، وزارتوں کا فیصلہ بھی اتحاد ہی کرے گا۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وزارت اعلیٰ کا سوال مجھ سے نہ پوچھیں ابھی وزارت عظمیٰ پر رہیں، وزارت اعلیٰ کا بھی ہمارے پارٹی نے فیصلہ کرلیا ہے۔

خیال رہے کہ ذرائع کے مطابق پنجاب اور وفاق میں حکومت سازی کے معاملے پر ن لیگ، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، جے یو آئی ف کے مابین سیاسی اتحاد پر اتفاق ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ نئی حکومت کی تشکیل کے حوالے سے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان رابطے جاری ہیں، گزشتہ روز بلاول بھٹو سے شہباز شریف نے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی، ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور مستقبل میں سیاسی تعاون پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button