این اے 71 : خواجہ آصف کی کامیابی کا نتیجہ روک دیا گیا
الیکشن کمیشن نے این اے اکہتر سے خواجہ آصف کی کامیابی کا نتیجہ روک دیا اور آر او کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں این اے 71 سے تحریک انصاف کی حمایت یافتہ امیدوار ریحانہ ڈار کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
وکیل ریحانہ ڈار نے بتایا کہ فارم 45 کے مطابق ہم 50 ہزار کی لیڈ سےجیت چکے ہیں، آر او کی جانب سے تیار فارم 47 میں ہمیں 47 ہزار ووٹوں سے ہرایا گیا، اب سے آدھا گھنٹہ پہلے الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر ایک اور فارم 47 اپلوڈکیاگیا۔
ممبر کمیشن نے سوال کیا کہ کیا آپ کی استدعا ابھی بھی وہی ہے، نئے فارم 47 سےکوئی فرق تو نہیں پڑا؟ وکیل ریحانہ ڈار نے کہا کہ جی مائی لارڈ ہماری درخواست پرنئے فارم 47 سے فرق نہیں پڑا۔
الیکشن کمیشن نےاین اے 71سے خواجہ آصف کی کامیابی کا نتیجہ روکتے ہوئے آر او کو نوٹس جاری کرکےجواب طلب کر لیا اور سماعت 14 فروری تک ملتوی کردی۔