پاکستان

دہشتگردی کا تھریٹ الرٹ ، ملک کی 4 بڑی جامعات ہنگامی طور پر بند

سیکیورٹی خدشات کی بنا پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی 4 بڑی یونیورسٹیاں غیرمعینہ مدت تک کے لیے بند کردی گئی ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق رات گئے اسلام آباد کے نواحی علاقوں میں پولیس اور حساس اداروں نے سرچ آپریشن کیا، جس کے بعد تھریٹ الرٹ جاری کیا گیا۔

تھریٹ الرٹ کے مطابق اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں کالعدم تنظیم کی جانب سے خودکش حملے کی کوشش کی جاسکتی ہے۔

الرٹ جاری ہونے کے بعد بند کی گئی یونیورسٹیز میں ایئر یونیورسٹی، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، بحریہ یونیورسٹی اور قائد اعظم یونیورسٹی شامل ہیں۔ایئر یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے طلبہ کو جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ائیر یونیورسٹی میں آج ہونے والا پیپر کینسل کر دیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں سیکیورٹی خدشات کی بنا پر شہر میں واقع متعدد نجی اسکولز بھی بند کردیے گئے، اسکول انتظامیہ کی جانب سے والدین کو میسجز بھیجے گئے کہ بچوں کو جلد گھر لے جائیں۔

دوسری جانب سرکاری تعلیمی ادارے بند کرنے سے متعلق فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن تاحال کوئی فیصلہ نہیں کر پائی۔

ترجمان وزارت تعلیم کے مطابق تاحال ایجوکیشن منسٹری کو ایسا کوئی نوٹیفیکیشن موصول نہیں ہوا جس کی بنا پر اسکولز بند کیے جائیں، اسلام آباد کے سرکاری تعلیمی ادارے بدرستور کھلے ہیں۔

دریں اثنا شہری انتظامیہ کی جانب سے وفاقی دارالحکومت کی سیکیورٹی کو بھی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button