سال نو کے جشن پر ہوائی فائرنگ نے 32 افراد کو اسپتال پہنچا دیا

سال نو پر پابندی کے باوجود شہر قائد میں ہونے والی فائرنگ سے 32 افراد زخمی ہو گئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
وزیراعظم کی جانب سے غزہ جنگ کے باعث سال نو کی کا جشن سادگی سے منانے کے اعلان اور انتظامیہ کی جانب سے فائرنگ پر پابندی کے باوجود شہر قائد کے مختلف علاقے رات 12 بجتے ہی فائرنگ سے گونج اٹھے۔ صدر، لیاری، گارڈن، سچل، کورنگی، گلستان جوہر، گلشن اقبال، ایف بی ایریا، کلفٹن، سی ویو، زمزمہ، ٹاور، کیماڑی، سائیٹ، سرجانی، ملیر، لیاقت آباد، سہراب گوٹھ سمیت دیگر علاقوں میں ہوائی فائرنگ کی گئی۔
ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں گولیاں لگنے سے 32 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق زخمیوں میں چار خواتین اور 5 بچے بھی شامل ہیں۔
ہوائی فائرنگ سے زخمی ہونے والوں کو شہر کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔جناح اسپتال میں 12، سول میں 7 جب کہ عباسی شہید اسپتال میں 13زخمی لائے گئے۔
پولیس کے مطابق مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کرنے کے الزام میں 59 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے جب کہ ساحل سمندر پر ہلڑ بازی کے الزام میں 6 منچلوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے