تازہ ترینخبریںدنیا

محمد بن سلمان کا امریکا سے دو ٹوک مطالبہ

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے اسرائیل کی معصوم فلسطینیوں پر وحشیانہ بمباری پر امریکا سے دو ٹوک مطالبہ کر دیا۔

امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے سعودی عرب کے ہنگامی دورے پر ہیں جہاں انہوں نے آج ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے عام شہریوں کے تحفظ اور مشرق وسطیٰ میں استحکام آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر محمد بن سلمان نے مطالبہ کیا کہ غزہ میں بے گناہ لوگوں کی جانیں لینے والی فوجی کارروائیوں کو روکا جائے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ کا محاصرہ اٹھانے سمیت بین الاقوامی انسانی قانون کا احترام ہونا چاہیے، سعودی عرب غزہ میں کشیدگی روکنے کیلیے عالمی برادری سے رابطے میں ہے۔

ملاقات میں امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے کہا کہ سعودی ولی عہد سے ملاقات مثبت رہی۔

گزشتہ روز انتھونی بلنکن نے سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان سے ملاقات کی تھی اور غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

ملاقات میں فیصل بن فرحان نے اپنے خیالات کا اظہار کیا تھا کہ غزہ میں سیز فائر کیا جائے تاکہ انسانی بحران سے نمٹا جا سکے، غزہ تک انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کیلیے مل کر کام کرنا چاہیے۔

فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ علاقائی و عالمی سلامتی کے مفاد میں امریکا اور سعودی عرب نے ہمیشہ مل کر کام کیا ہے، خطے میں مشکل وقت کا سامنا اور پریشان کن صورتحال ہے، دونوں ممالک کیلیے خطے کی سلامتی کیلیے تعاون جاری رکھنے کا اہم موقع ہے۔

ملاقات میں انتھونی بلنکن نے کہا تھا کہ اسرائیل اپنے لوگوں کے دفاع کا جائز حق استعمال کر رہا ہے، حماس نے 1300 اسرائیلی شہریوں کو قتل کیا ہے، حماس فلسطینیوں کی نمائندہ نہیں بلکہ دہشتگرد جماعت ہے۔

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عام شہریوں کے تحفظ کیلیے مل کر پوری کوشش کر رہے ہیں، نہیں چاہتے کسی عام شہری کو چاہے وہ اسرائیل یا غزہ میں ہو تکلیف پہنچے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button