لاہور میں موسلادھار بارش ، سڑکیں نہریں بن گئیں

پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں موسلادھار بارش کے بعد کئی علاقے ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے، سب سے زیادہ گلشن راوی میں ایک سو ستتر ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں بارش کا دھوال دھار اسپیل جاری ہے ، لاہور میں صبح چار بجے سے نو بجے تک ہونے والی موسلادھار بارش نے سڑکیں تالاب بنادیں۔
گلشن روای میں ایک سوستتر ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی جبکہ ایک سوستاون ملی میٹر بارش سےقرطبہ چوک زیرِآب آگیا۔
لکشمی چوک میں ایک سو اڑتیس اورگلبرگ میں ایک سوبائیس ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی جبکہ نشترٹاؤن میں بھی بادل خوب برسے، جہاں ایک سو تئیس ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔
موسلاھار بارش سے ٹریفک کی روانی شدید متاثرہے اور گاڑیاں بند ہونے سے شہری مشکل میں پڑ گئے۔
بارش کا پانی سروسز اسپتال کی ایمرجنسی میں بھی داخل ہو گیا، جس سے مریضوں کو پریشانی کا سامنا ہے جبکہ کینال روڈ پر گلزار انڈرپاس کے نزدیک درخت گرگیا۔
بارش کے باعث لیسکو کے کئی فیڈرز ٹرپ کرگئے، جس سے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے تاہم محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ آئندہ دوروزتک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے