آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی سپر ہائی وے بند کرنے کی دھمکی

آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے آج سپر ہائی وے بند کرنے کی دھمکی دے دی، چئیرمین آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ جب تک غیر قانونی ٹول ٹیکس اور کانٹا ختم نہیں ہوگا دھرنا جاری رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے قریب قومی شاہراہ اورسپر ہائی وے کو ملانے والے لنک روڈ ٹرانسپورٹرز کا دھرنا تین روز سے جاری ہے، جس کے باعث اہم سڑک بند ہے، ٹرانسپورٹرز نے گاڑیاں لنک روڈ پر بند کرکے کھڑی کردیں ہیں۔
اڑتیس گھنٹے سے زائد کا وقت گزر گیا لیکن انتظامیہ نے دھرنا ختم کرانے کی کوشش نہیں کی۔
چیئرمین آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن شمس شاہوانی کے مطابق مطالبات حل نہیں ہوئے تو آج سپر ہائی وے اور قومی شاہراہ بلاک کر دیں گے۔ تین روز سے یہاں بیٹھے ہیں مگر انتظامیہ سننے کے لیے تیارنہیں۔
چیئرمین کا کہنا تھا کہ ناانصافی کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، لنک روڈ پر کانٹا اور ٹول پلازہ پر زبردستی بھتہ خوری کی جارہی ہے، جب تک غیر قانونی ٹول ٹیکس اورکانٹاختم نہیں ہوگا دھرنا جاری رہے گا