تازہ ترینخبریںپاکستان

پاکستان نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات کو مسترد کر دیا

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان آئین اور قانون کے مطابق چلنے والا ملک ہے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات بے بنیاد ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ پاکستان آئین اور قانون کے مطابق چلنے والا ملک ہے جہاں تمام شہریوں کو بنیادی حقوق دستیاب ہیں اور حکومت مقامی قوانین و بین الاقوامی کمٹمنٹس پوری کر رہی ہے۔ پاکستان آئینی طور پر بنیادی آزادیوں اور انسانی حقوق پر یقین رکھتا ہے، اس ضمن میں پاکستان اپنی تمام تر ذمے داریاں ادا کر رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ 9 مئی واقعات میں ملوث کرداروں کے ساتھ آئین اور قانون کے مطابق سلوک کیا جا رہا ہے۔ خدیجہ شاہ دہری شہریت کی وجہ سے امریکی سفارتخانے نے قونصلر رسائی کی درخواست کی، اس کیس میں امریکی سفارتخانے کی درخواست وزارت داخلہ کو بھیج دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں بھارتی افواج کا ظلم و ستم جاری ہے اور وہاں نوجوانوں، بچوں پر فائرنگ کے واقعات جاری ہیں۔ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔

ممتاز زہرہ نے کہا کہ پاکستان نے نئی بھارتی پارلیمان میں اکھنڈ بھارت کی تنصیب کو مسترد کیا اور بھارتی حکمران جماعت کے رہنماوں کے بیانات کو بھی مسترد کرتے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ عافیہ صدیقی کا معاملہ ایک پرانا معاملہ ہے، پاکستان ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے میں بھرپور مدد کر رہا ہے۔ حکومت اور دفتر خارجہ برسوں سے اس کیس میں کوششیں کر رہے ہیں اور ان کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی 3 ملاقاتوں میں مدد کر چکے ہیں۔

انہوں نے ریاض میں ایرانی سفارتخانے کا کھلنے کو انتہائی مثبت اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے مثبت تعلقات میں اضافہ ہوگا اور خطے میں امن وسلامتی کی صورتحال مزید بہتر ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button