تازہ ترینتحریکخبریںسیاسیات

تحریک انصاف کے صدر پرویز الٰہی کے خلاف ایک اور مقدمہ درج

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے صدر پرویز الٰہی کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پرویز الٰہی پر مقدمہ اینٹی کرپشن گوجرانوالہ نے سورس رپورٹ پر اپنی مدعیت میں درج کیا جس میں ان پر ترقیاتی اسکیم کے ٹھیکے کی مد میں 2 ارب رشوت لینے کا الزام ہے۔

مقدمے میں ایکسین، ایس ڈی او ہائی وے گجرات، ٹھیکہ لینے والی کمپنی کے مالک حاجی طارق اور پہلے سے گرفتار ملزم سہیل اصغر چوہدری کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن میں درج ہے کہ 10 ارب کی لاگت سے گجرات پرانا جی ٹی روڈ کی تعمیر کی گئی جس کا ٹھیکہ حاجی طارق کی کمپنی کو دیا گیا، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے اختیارات کا استعمال کر کے 2 ارب روپے لے کر ٹھیکہ دلوایا۔

گزشتہ شب اینٹی کرپشن ٹیم اور پولیس کی نفری پرویز الٰہی کو گرفتار کرنے کیلیے ان کی رہائش گاہ پہنچی تھی جہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کی وجہ سے گرفتاری عمل میں نہ لائی جا سکی۔ گھر کے اندر سے پولیس پر پتھراؤ اور پانی پھینکا گیا تھا۔

بعد ازاں اینٹی کرپشن نے چھاپے کے دوران مزاحمت پر پی ٹی آئی صدر کے خلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

وفاقی حکومت کا چھاپے سے اظہار لاتعلقی

وفاقی وزیر خزانہ اور حکومت کی مذاکرات ٹیم کے ممبر اسحاق ڈار نے پی ٹی آئی کی مذاکرات ٹیم کے سربراہ شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور چھاپے سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔

انہوں نے چھاپے اور چادر چار دیواری کی پامالی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کو یقین دہائی کروائی کہ اس سے وفاقی حکومت کا کوئی تعلق نہیں، یہ کارروائی نگراں پنجاب حکومت کی جانب سے کی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button