برطانیہ کے مقامی کونسلرز نے ایون فیلڈ کے باہر ہونے والی پاکستانی سیاست کو روکنے کے لیے پارلیمنٹ کو خط لکھ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لندن میں ایون فیلڈ کے باہر مظاہروں کے معاملے پر مقامی کونسلرز نے ممبر پارلیمنٹ کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ مظاہروں کی وجہ سے مقامی رہائشیوں کی زندگیاں متاثر ہو رہی ہیں، انھیں روکا جائے اور ان کی وجوہ کی جانچ پڑتال کی جائے۔
ویسٹ منسٹر سے ممبر پارلیمنٹ کو لکھا گیا یہ خط کونسلر پال فشرمین، جیسیکا ٹولی اور پیٹرک للی کی جانب سے لکھا گیا ہے، جس میں پانامہ پیپرز کا بھی ذکر کیا گیا ہے، خط میں لندن کی جائیدادوں اور نواز شریف میں لنک سے متعلق رپورٹ کا بھی ذکر ہے۔
کونسلرز نے لکھا کہ مظاہروں کی وجہ نواز شریف کی موجودگی ہے، ان کی رہائش گاہ ہونے کی وجہ سے ایون فیلڈ کے سامنے آئے دن ان کے حق یا مخالفت میں مظاہرے ہوتے ہیں، یہ مظاہرے علاقہ مکینوں کو پریشان کرنے کا سبب بن رہے ہیں۔
کونسلرز نے مؤقف اپنایا ہے کہ اب یہ مظاہرے شدت اختیار کر رہے ہیں جو پڑوسیوں کے لیے ناقابل قبول ہیں، ہم ایون فیلڈ کے باہر ہونے والی پاکستانی سیاست کو روکنا چاہتے ہیں، سیاسی سرگرمیوں پر پابندی لگانے کے لیے امیدواران پارلیمنٹ کو بھی خطوط لکھیں گے۔
کونسلرز کا کہنا تھا کہ اگر پابندی لگی تو نواز شریف بھی حسن نواز کے دفتر سے سیاست نہیں کر سکیں گے۔