تازہ ترینخبریںپاکستان

شہباز،عمران اور زرداری سمیت سیاسی جماعتوں کے سربراہان آج سپریم کورٹ طلب

سپریم کورٹ نے وزیراعظم شہبازشریف، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، سابق صدر آصف زرداری سمیت سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو آج طلب کرلیا۔

عدالت کی جانب سے سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، خالد مقبول صدیقی، اسفندیار ولی، چوہدری شجاعت حسین اور دیگر سیاسی رہنماؤں کو بھی بلایا گیا ہے۔

سپریم کورٹ میں ملک بھر میں ایک ساتھ انتخابات کرانے کی درخواست پر دوبارہ سماعت آج ہوگی۔

چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ سماعت کرے گا، بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر بھی شامل ہیں۔

گزشتہ روز سپریم کورٹ نے سردار کاشف کی درخواست پر ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو نوٹسز جاری کیے تھے۔

عدالت نے الیکشن کمیشن، اٹارنی جنرل اور وفاقی حکومت کو بھی نوٹس جاری کر رکھا ہے۔

سپریم کورٹ نے گزشتہ روز سماعت میں وزارت دفاع کی جانب سے دائر درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیا تھا۔

عدالت عظمیٰ نے فنڈز کی عدم فراہمی سے متعلق وزارت خزانہ کی رپورٹ کو بھی ناقابل قبول قرار دیا تھا۔

سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو 27 اپریل تک پنجاب میں انتخابات کے لئے 21 ارب روپے جاری کرنے کا حکم بھی دیا۔

سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ عدالت کے احکامات کا مقصد آئین میں دی گئی پابندی پر عملدرآمد کرنا ہے، عدالتی حکم کی خلاف ورزی یا نافرمانی کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔

تحریری فیصلے میں سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ انتخابات کے لئے فنڈز جاری کرنا وفاقی حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے، فنڈز ادا نہ کرنے اور عدالتی احکامات کی نافرمانی کے سنگین نتائج ہوں گے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے تھے کہ اگر سیاسی جماعتیں انتخابات کی تاریخ بدلنا چاہتی ہیں تو عدالت ان کے ساتھ ہے، سیاسی جماعتیں ایک نکتے پر آجائیں تو عدالت گنجائش نکال سکتی ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ سیاسی مذاکرات میں اتفاق ہوا تو ٹھیک ورنہ ہم 14 مئی کا حکم دے چکے ہیں۔

سپریم کورٹ کے طلبی کے نوٹس پر سراج الحق کا خود پیش ہونے کا فیصلہ

دوسری جانب پنجاب میں انتخابات کی تاریخ کے معاملے پر سپریم کورٹ کی جانب سے طلبی کے نوٹس پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے خود پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف کا کہنا ہے کہ سراج الحق خود سپریم کورٹ میں پیش ہوں گے، جماعت اسلامی کی لیگل ٹیم بھی سراج الحق کے ہمراہ ہو گی، جماعت اسلامی ملک بھر میں ایک ہی تاریخ میں الیکشن چاہتی ہے، بحران کے خاتمے کیلئے سیاسی جماعتوں سے بھی رابطے جاری ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button