تازہ ترینخبریںپاکستان

آئی جی اور چیف سیکرٹری پنجاب کا پولیس لائنز کا دورہ

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبے کی تمام پولیس لائنز میں سکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کرنے، میس مینو اور رہائشی بیرکس سمیت اہلکاروں کیلئے دیگر تمام سہولیات کے معیار کو بہتر سے بہتر بنانے کا حکم دیا ۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ میس اور رہائشی بیرکس کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے ریٹائرڈ افسران مثلا قلبِ عباس اور مشتاق سکھیرا جیسے سابق افسران جو ایس پی ہیڈ کوارٹرز رہ چکے ہوں کی مشاورت سے اقدامات کئے جائیں جبکہ کھانے کا مینو منتخب کرتے وقت پولیس جوانوں کی تجاویز کو بھی مد نظر رکھا جائے ۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ آئندہ میں جس ریجن اور اضلاع کے دورہ کروں گا وہاں پولیس لائنز میں اہلکاروں کی رہائشی بیرکس اور میس کی لازمی انسپکشن کروں گا لہذا تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز اہلکاروں کی رہائشی بیرکس اور میس کے انتظامات کو اپنی سپرویژن میں بہتر سے بہتر بنائیں ۔

انہوں نے کہا کہ جن اضلاع میں خود نہ جا سکا وہاں سنٹرل پولیس آفس سے مختلف افسران کو سرپرائز وزٹ کیلئے صوبے کے مختلف اضلاع کی پولیس لائنز میں بھجوایا جائے گا لہذا تمام افسران ذاتی نگرانی میں بروقت اقدامات کو یقینی بنائیں ۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تمام پولیس لائنز میں حفظانِ صحت اصولوں کے مطابق صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے اور اہلکاروں کی رہائش و تربیت کیلئے دستیاب وسائل کا موثر استعمال یقینی بنایا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کے ہمراہ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ کا دورہ کرتے ہوئے جاری کیں ۔

تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ کا دورہ کیا اور پولیس لائنز کے سکیورٹی انتظامات ، میس اور رہائشی بیرکس سمیت دیگر امور کا معائنہ کیا ۔ایس پی ہیڈ کوارٹرز نے افسران کو بریفنگ دی جس پر آئی جی پنجاب نے اہلکاروں کیلئے سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے احکامات دئیے۔

آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب نے اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کھانے کے معیار کو چیک کیا اور اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انکے مسائل بارے بھی دریافت کیا ۔ آئی جی پنجاب نے ایس پی ہیڈ کوارٹرز کو لیڈی اہلکاروں کی سہولت کیلئے ترجیحی اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور اہلکاروں کے مسائل پر ازالے کیلئے احکامات بھی جاری کئے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button