تازہ ترینخبریںپاکستان

آئی جی پنجاب کا پولیس غازیوں کی مالی امداد میں اضافے کیلئے نیا پیکچ

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران زخمی ، اپاہج یا مستقل معذور ہونے والے بہادر جانباز غازی محکمہ پولیس کا فخر اور قیمتی سرمایہ ہیں جن کی بہترین نگہداشت ، میڈیکل سہولیات اور مالی معاونت کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ دوران ڈیوٹی آپریشنز میں جز وقتی اور مکمل معذور غازیوں کی بحالی اور علاج معالجے کیلئے میڈیکل پیکج کو بھی بہتر بنایا جائے اور اپاہج اور معذور غازیوں کے لیے مصنوعی اعضاء ، الیکٹرک وہیل چیئر و بیڈ کی فراہمی ، ادویات اور ماہر فزیو تھراپسٹ کی خدمات بھی مہیا کی جائیں جبکہ زخمیوں اور معذوروں کی بحالی کے لیے اندرون و بیرون ملک علاج کیلئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔

آئی جی پنجاب کی ہدایت پر ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس نے پولیس غازیوں کی مالی معاونت کیلئے نیا پیکج تیار کر لیا ہے جس کے تحت دورانِ ڈیوٹی مختلف آپریشنز میں زخمی ہوجانے والے غازیوں کو ایک ملین کی بجائے 2.5 ملین رقم ملے گی جبکہ مکمل معذور ہو کر بستر تک محدود ہونے والے جانباز غازیوں کی مالی امداد ایک کروڑ روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

شہید اہلکاروں کی طرز پر مستقل معذور اہلکاروں کی پوسٹ کو بھی سپیشل پوسٹ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، اس اقدام سے پولیس نہ صرف پولیس غازیوں کو ریٹائرمنٹ تک تنخواہ مل سکے گی بلکہ انکی جگہ نئی بھرتی بھی ہو سکے گی۔ ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب نے سنٹرل پولیس آفس میں پنجاب پولیس کے غازی محمد رضوان سے ملاقات کے دوران افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔

تفصیلات کے مطابق سپاہی محمد رضوان شیخوپورہ میں ڈاکوؤں سے مقابلہ کے دوران گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو کر معذور ہو گیا تھا جس نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب نے مستقل معذور غازی کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ہر ممکن میڈیکل معاونت کا حکم دیا۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہداء کے ساتھ ساتھ پولیس غازیوں کی بہترین ویلفیئر بھی محکمہ کی ترجیحات میں شامل ہے لہذا تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز اپنے اضلاع میں غازیوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور انہیں خوشی و غمی کے کسی موقع پر اکیلا نہ چھوڑیں۔

ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس نے غازیوں کی مالی امداد میں اضافے کیلئے سفارشات منظوری کیلئے آئی جی پنجاب کو بھجوا دی ہیں ۔ اس موقع پر ڈی آئی جی احسن یونس اور ایس ایس پی فیصل شہزاد سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button