تازہ ترینخبریںپاکستان

لطیف آفریدی کا بہیمانہ قتل بڑے دکھ کی خبر ہے ، وزیراعظم شہباز شریف

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ لالہ عبدالطیف آفریدی کا بہیمانہ قتل بڑے دکھ کی خبر ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سپریم کورٹ بار کے سابق صدر عبدالطیف آفریدی کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے پی حکومت یہ دہشت گردی کرنے والوں کو قانون کے مطابق عبرتناک سزا دلائے۔ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، عبدالطیف آفریدی نے تمام عمر آئین کی سر بلندی اور جمہوریت کے لیے جدوجہد کی۔

شہبازشریف نے کہا کہ عبدالطیف آفریدی نے قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے لیے جدوجہد کی، وہ ایک اعلیٰ قانون دان اور بہادر سیاسی رہنما تھے، مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی حمایت پر انہیں یونیورسٹی سے نکال دیا گیا تھا۔

وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ حق کی بات ڈنکے کی چوٹ پر کرتے اور نتائج کی پرواہ نہیں کرتے تھے، افسوس آج آئین، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کی ایک توانا آواز خاموش ہو گئی۔ لالہ عبدالطیف آفریدی کی سیاسی، قانونی اور جمہوری جدوجہد جاری رہے گی، اللّٰہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

واضح رہے کہ پشاور میں سینئر وکیل عبدالطیف آفریدی قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئے۔ لطیف آفریدی پر پشاور ہائی کورٹ کی حدود میں فائرنگ کی گئی، ان کو 6 گولیاں لگی تھیں۔

لیڈی ریڈنگ ہسپتال انتظامیہ نے سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن عبدالطیف آفریدی کے فائرنگ سے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button