تازہ ترینخبریںسیلاب

مون سون کا آخری سسٹم کل خلیجِ بنگال میں بنے گا: ماہرینِ موسمیات

ماہرینِ موسمیات نے بتایا ہے کہ مون سون کا آخری سسٹم کل خلیجِ بنگال میں بن سکتا ہے ۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا ہے کہ خلیجِ بنگال میں کل ہوا کا کم دباؤ بن سکتا ہے۔ ہوا کے اس کم دباؤ کا رخ وسطی بھارت کی جانب رہے گا، تاہم کراچی سمیت سندھ میں اس سسٹم کے زیرِ اثر بارش کا امکان نہیں ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مون سون کا آخری سسٹم کل خلیجِ بنگال میں بن سکتا ہے، البتہ مغربی ڈسٹربنس سرگرم ہونے پر سسٹم کے اثرات پاکستان پر کم رہیں گے۔

اس سسٹم کے زیرِ اثر بالائی پنجاب اور خیبر پختون خوا میں بارش ہو سکتی ہے، تاہم سیلاب زدہ علاقوں میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار نے بتایا کہ ستمبر کے آخر یا اکتوبر کے ابتدائی دنوں میں مون سون ختم ہو جائے گا ۔رواں سال پاکستان میں موسمِ سرما میں معمول سے کم درجۂ حرارت رہنے کا امکان ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ملک کے شمالی علاقوں اور پنجاب میں سردی کا آغاز 10 سے 15 دن پہلے ہو سکتا ہے، پاکستان کے شمالی حصے میں سردی کی شدت زیادہ رہ سکتی ہے۔ مغربی ڈسٹربنس سے برف باری اور موسمِ سرما کی بارشیں کم رہیں گی۔

انہوں نے مزید بتایا ہے کہ صوبۂ سندھ میں موسمِ سرما کا آغاز نومبر کے وسط سے ہو سکتا ہے، یہاں بھی سردی کی شدت زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ کم درجۂ حرارت اور کم بارشوں کے باعث اسموگ اور دھند کے مسائل رہیں گے۔

دوسری جانب محکمۂ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ سندھ بھر میں آج موسم گرم اور مرطوب ہے، کراچی میں آج اور کل مطلع صاف رہنے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ 2 روز کے دوران کراچی میں زیادہ تر دھوپ رہے گی، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ اس دوران کراچی میں جنوب مغرب کی سمت سے سمندری ہوائیں بھی چلتی رہیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button