
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ملک میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت اور متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت ملک میں حالیہ بارشوں سے ہوئے نقصانات کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں انہوں نے کہا کہ سیلاب میں جاں بحق تمام افراد کے خاندانوں کی مالی معاونت کی جائے، سیلاب اور بارشوں میں تباہ شدہ گھروں کے مالکان کی بھی مالی معاونت کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی اور سڑکوں کی بحالی جلد از جلد مکمل کی جائے
شہباز شریف نے وفاقی وزراء اور سیکریٹریز کو متاثرہ علاقوں میں جا کر نقصان کا جائزہ اور بحالی کا کام شروع کروانے کی ہدایت کی اور کہا کہ متاثرہ علاقوں میں غذائی اشیاء اور دیگر امدادی سامان جلد از جلد پہنچایا جائے۔
وزیرِ اعظم نے آئندہ بارشوں اور سیلاب کے پیشِ نظر این ڈی ایم اے اور صوبائی اتھارٹیوں کو مکمل طور پر تیار رہنے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس میں وزیرِاعظم کو مون سون 2026ء کے اثرات اور امدادی کارروائیوں کی پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک کےتمام متاثرہ علاقوں میں سیلاب متاثرین کی محفوظ مقامات پر بروقت منتقلی کی جا چکی ہے، متاثرہ علاقوں میں اب تک مجموعی طور پر 615 ٹن امدادی سامان بھیجا جا چکا ہے اور مزید امدادی سامان بھیجنے کے حوالے سے اقدامات کیے جا رہے ہیں







