کراچی کے علاقے قائدآباد کے گھر میں ڈکیتی کی واردات ہوئی جس میں 7 مسلح ملزمان گھر سے 56 لاکھ روپے نقد اور 28 تولہ سونا لوٹ کر فرار ہوگئے۔
واردات کا مقدمہ قائد آباد تھانے میں درج کرلیا گیا ہے ۔ مقدمے کے متن کے مطابق گزشتہ روز صبح سویرے خاتون نے دروازہ کھٹکھٹایا اور 6 مسلح ملزمان گھر میں داخل ہوئے، ڈاکوؤں نے والدہ کی تجوری سے 33 لاکھ روپے نقد،3لاکھ روپے کے برائز بانڈ لوٹ لیے جبکہ والدہ سے ساڑھے 5 تولہ سونا اور لائسنس یافتہ پستول بھی لے گئے۔
اس کے علاوہ ملزمان دوسری منزل پر بھائی سے ساڑھے 4 تولہ سونا،لائسنس یافتہ پستول لے گئے جبکہ ٹاپ فلور پر الماری سے ملزمان نے 23 لاکھ روپے نقد لوٹے اور اہلیہ کا 7 تولہ،بھانجی کا 6 تولہ اور بہن کے 5 تولے کے طلائی زیورات لوٹ کر لے گئے۔ملزمان گھر سے 3 مہنگے موبائل بھی لے گئے جبکہ ڈکیتی کرنے کے بعد خاتون سمیت ساتوں ملزمان سفید رنگ کی کار میں فرار ہوگئے۔