Column

پنچایت سسٹم: انصاف آپ کی دہلیز پر

پنچایت سسٹم: انصاف آپ کی دہلیز پر
تحریر::فیع صحرائی
پنجاب میں پنچایت نظام کی بحالی کا فیصلہ ایک قدیم سماجی روایت کے جدید قانونی احیا کی ایک مثبت کوشش ہے۔ انصاف کسی بھی مہذب معاشرے کی بنیادی ضرورت اور ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، لیکن جب انصاف کے حصول کے لیے برسوں عدالتوں کے چکر لگانے پڑیں، تھانوں میں دھکے کھانے پڑیں، وکیلوں کی بھاری فیسیں ادا کرنا پڑیں اور تاریخ پر تاریخ ملنے کے باوجود مقدمے کا فیصلہ نہ ہو تو عام آدمی کے لیے انصاف ایک خواب بن جاتا ہے۔ خصوصاً دیہی علاقوں کے غریب اور متوسط طبقے کے افراد معمولی نوعیت کے تنازعات میں بھی اپنا وقت، پیسہ اور ذہنی سکون برباد کر بیٹھتے ہیں۔ بدقسمتی سے ہمارا عدالتی سسٹم ایسا ہے کہ انصاف کے حصول میں ملزم سے زیادہ مدعی خوار ہوتا ہے اور اسے فیصلے کے لیے طویل انتظار کرنا پڑتا ہے۔ ایسے کیس بھی سامنے آئے ہیں کہ کسی بے گناہ ملزم کے حق میں اس وقت فیصلہ ہوتا ہے جب اسے جیل کے اندر مرے ہوئے بھی چند سال گزر چکے ہوتے ہیں۔ ایسے حالات میں پنجاب حکومت کی جانب سے پنچایت نظام کی بحالی کی اصولی منظوری ایک قابلِ توجہ پیش رفت ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے 18نومبر 2026ء کو اس نظام کے قیام کی اصولی منظوری دیتے ہوئے پنجاب پنچایت ایکٹ متعارف کرانے اور صدیوں پرانی مصالحتی روایت کو قانونی دائرے میں بحال کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پنچایت ہماری معاشرتی تاریخ کا کوئی نیا تصور نہیں۔ برصغیر کے دیہات میں صدیوں سے مقامی سطح پر اجتماعی مشاورت اور بزرگوں کی ثالثی کے ذریعے اختلافات حل کرنے کی روایت موجود رہی ہے۔ لفظ پنچایت کا تعلق پانچ افراد پر مشتمل ایسی مجلس سے جوڑا جاتا ہے جو فریقین کے درمیان تنازع سن کر باہمی اتفاق سے صلح کا راستہ نکالتی تھی۔ گاں کے بزرگ، نمبردار اور معتبر شخصیات اپنے تجربے، سماجی تعلقات اور مقامی حالات سے واقفیت کی بنیاد پر لوگوں کے درمیان پیدا ہونے والی رنجشیں ختم کراتے تھے۔ اس نظام کا اصل حسن یہ تھا کہ گاں کی بات گاں میں ہی طے ہو جاتی تھی۔ نہ لمبے سفر کی ضرورت، نہ بھاری اخراجات اور نہ ہی برسوں تک مقدمے کی پیروی کا جھنجھٹ ہوتا تھا۔یقیناً ماضی کی ہر پنچایت مثالی نہیں تھی۔ بعض علاقوں میں بااثر افراد نے اس روایت کو اپنے مفادات کے لیے استعمال کیا، خواتین اور کمزور طبقات کے ساتھ ناانصافیاں بھی ہوئیں، مگر اس کا مطلب یہ نہیں کہ ایک مفید سماجی روایت کو ہمیشہ کے لیے ترک کر دیا جائے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس کے مثبت پہلوئوں کو جدید قانون، انسانی حقوق اور انصاف کے تقاضوں کے مطابق دوبارہ زندہ کیا جائے۔
مجوزہ نظام کے تحت یونین کونسل، موضع، گائوں اور محلے کی سطح پر پنچایت کمیٹیاں قائم کرنے کی تجویز ہے۔ ان میں مقامی طور پر مستقل رہائش رکھنے والے معتبر، غیر جانب دار اور دانش مند افراد کو شامل کیا جائے گا۔ پنچایت کمیٹی میں نمبرداروں، اساتذہ، ریٹائرڈ ججوں، سابق فوجی افسران، ریٹائرڈ سرکاری ملازمین اور دیگر معزز شخصیات کی شمولیت کا تصور پیش کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ان ارکان کی تقرری کریں گے۔
اس نظام کی سب سے بڑی افادیت یہ ہوگی کہ چھوٹے موٹے مقامی تنازعات کے حل کے لیے لوگوں کو تھانوں اور کچہریوں کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ زمین کی حدبندی، راستے کے تنازع، پانی کی تقسیم، لین دین، ہمسایوں کے اختلافات اور دیگر معمولی معاملات میں فریقین کو اپنے ہی علاقے میں بیٹھ کر بات کرنے کا موقع ملے گا۔ پنچایت کے ارکان چونکہ اسی علاقے کے رہائشی ہوں گے، اس لیے انہیں مقامی حالات، خاندانی پس منظر، زمینوں کی حدود، راستوں اور متعلقہ تنازعات کے بہت سے پہلوں کا پہلے ہی علم ہوگا۔ وہ صرف کاغذی موقف نہیں سنیں گے بلکہ معاملے کے سماجی اور زمینی حقائق سی بھی واقف ہوں گے۔
اس کا ایک اہم فائدہ گواہوں کی آسان دستیابی ہے۔ عام عدالتی کارروائی میں گواہوں کو دور دراز شہروں میں پیش ہونے، سفر کے اخراجات برداشت کرنے اور اپنی روزمرہ مصروفیات چھوڑنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ بعض اوقات گواہ عدالت پہنچ ہی نہیں پاتے، جس سے مقدمات کی سماعت متاثر ہوتی ہے۔ پنچایت میں مقامی گواہوں کی موجودگی نسبتاً آسان ہوگی۔ وہ پیش کیے گئے حقائق کی وضاحت کر سکیں گے اور فریقین کو بھی ایک دوسرے کا موقف سمجھنے کا موقع ملے گا۔
پنچایت نظام کا ایک بڑا فائدہ عدالتوں پر مقدمات کے غیر معمولی بوجھ میں کمی کی صورت میں بھی سامنے آ سکتا ہے۔ ہماری عدالتیں پہلے ہی لاکھوں زیرِ التوا مقدمات کے دبائو کا سامنا کر رہی ہیں۔ اگر معمولی نوعیت کے ہزاروں تنازعات باہمی رضامندی سے مقامی سطح پر حل ہونے لگیں تو عدالتوں کو سنگین نوعیت کے مقدمات پر زیادہ وقت اور توجہ دینے کا موقع ملے گا۔ اس سے عدالتی نظام کی مجموعی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ یہ بات بھی قابلِ غور ہے کہ ہر چھوٹا اختلاف مقدمے کی شکل اختیار کرنے سے نہ صرف دو خاندانوں میں بلکہ بعض اوقات پورے گاں کے درمیان دشمنی اور مستقل کشیدگی پیدا ہو جاتی ہے۔ پنچایت کا مقصد اس دشمنی کو بڑھنے سے پہلے ختم کرنا ہونا چاہیے۔
معاشی اعتبار سے بھی یہ نظام عام آدمی کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔ وکیلوں کی فیس، عدالتی اخراجات، سفر، پیشیوں اور دیگر قانونی کارروائیوں پر خرچ ہونے والی رقم غریب آدمی کے لیے کسی بڑے امتحان سے کم نہیں ہوتی۔ بعض لوگ اپنے جائز حق کے حصول کے لیے مقدمہ تو دائر کر دیتے ہیں مگر اخراجات برداشت نہ کر سکنے کے باعث درمیان ہی میں ہمت ہار جاتے ہیں۔ اگر انہیں اپنے گائوں یا محلے میں ایک قابلِ اعتماد مصالحتی فورم میسر آ جائے تو ان کے وقت، پیسے اور توانائی کی بچت ہو سکتی ہے۔ اسی طرح تھانوں میں معمولی تنازعات کے حوالے سے بار بار حاضری اور مبینہ رشوت ستانی یا ناجائز دبائو کے امکانات بھی کم کیے جا سکتے ہیں۔ تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ پنچایت خود کسی قسم کی مالی بے ضابطگی یا بدعنوانی کا مرکز نہ بننے پائے۔
اس نظام کی کامیابی کے لیے چند بنیادی شرائط بھی ہیں۔ سب سے پہلی شرط یہ ہے کہ پنچایت کے ارکان واقعی غیر جانب دار، دیانت دار اور عوامی اعتماد کے حامل ہوں۔ محض کسی شخص کا نمبردار، زمیندار یا بااثر ہونا اس کی غیر جانب داری کی ضمانت نہیں۔ اگر پنچایت میں علاقے کے طاقتور افراد کا غلبہ ہو گیا تو غریب اور کمزور آدمی وہاں بھی انصاف کے بجائے دبائو کا شکار ہو سکتا ہے۔ اس لیے ارکان کی نامزدگی میں مقامی آبادی کی مشاورت، میرٹ اور شفافیت کو بنیادی اہمیت دی جانی چاہیے۔
دوسری اہم شرط خواتین، اقلیتوں اور کمزور طبقات کے حقوق کا تحفظ ہے۔ خواتین کے خلاف تشدد، جبری شادی، غیرت کے نام پر قتل، بچوں سے زیادتی اور دیگر سنگین جرائم کو کسی صورت پنچایت کے دائرہ اختیار میں نہیں لانا چاہیے۔ ایسے معاملات کا فیصلہ صرف متعلقہ قانونی اداروں اور عدالتوں کے ذریعے ہونا چاہیے۔ حکومت کی جانب سے ممنوعہ معاملات کی نیگیٹو لسٹ تیار کرنے کی تجویز اسی حوالے سے اہم ہے۔ کسی بھی شہری کو زبردستی پنچایت کے سامنے پیش کرنے یا اس کی رضامندی کے بغیر کوئی فیصلہ مسلط کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ عدالت سے رجوع کرنے کا آئینی اور قانونی حق بھی ہر شہری کے لیے برقرار رہنا چاہیے۔
ایک اور اہم پہلو یہ ہے کہ پنچایت نظام کو بلدیاتی اداروں کا متبادل نہیں بننا چاہیے۔ بلدیاتی نظام کا بنیادی مقصد عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے مقامی ترقی، صفائی، نکاسی آب، گلیوں، سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہے، جبکہ پنچایت کا بنیادی کام باہمی تنازعات کا مصالحتی حل ہے۔ دونوں ادارے اپنے اپنے دائرہ کار میں کام کریں تو ایک دوسرے کے لیے معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ پنچایتوں کے ساتھ ساتھ بااختیار اور فعال بلدیاتی اداروں کے قیام کو بھی یقینی بنائے۔
ضرورت اس امر کی بھی ہے کہ پنچایت کے فیصلوں اور کارروائیوں کا باقاعدہ تحریری ریکارڈ رکھا جائے، فریقین کی رضامندی درج کی جائے، شکایات کے ازالے کا نظام بنایا جائے اور ارکان کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے۔

جواب دیں

Back to top button