
پاکستان کے صوبہ صندھ کے علاقے ضلع تھرپارکر کے بی ایچ یو پلس ڈانو ڈنڈھل میں کھڑی ایک ایمبولینس میں آتشزدگی کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک جبکہ 5 افراد زخمی ہو گئے۔
واقعے کے بارے میں جاری کی گئی ابتدائی رپورٹ کے مطابق ’رات تقریباً 10 بج کر 28 منٹ پر بی ایچ یو پلس ڈانو ڈنڈھل کی ایک مڈوائف نے اطلاع دی کہ صحت مرکز میں موجود ایمبولینس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی ہے، جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا۔‘
مبینہ طور پر آگ ایمبولینس میں موجود آکیسجن سلنڈر کے پھٹنے سے لگی۔ تاہم اس حوالےسے تحقیات کی جا رہی ہیں۔
اطلاع ملتے ہی رورل ہیلتھ سینٹر اسلام کوٹ، بی ایچ یو کھاریو غلام شاہ، بی ایچ یو پلس وکریو، بی ایچ یو ہیرار دیدا اور ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیموں کو طلب کیا گیا، جبکہ زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ڈسپنسر دھینو مل، ڈرائیور پندھی، چوکیدار اسحاق اور آیا جسونت شامل ہیں، جبکہ دیگر چار ہلاک افراد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔
واقعے میں زخمی ہونے والوں میں دو مڈوائف، ایک آیا کے علاوہ ایک خاتون اور ایک نومولود بچہ شامل ہیں۔ زخمیوں کو ٹی ایچ کیو اسپتال نگرپارکر اور ڈی ایچ کیو ہسپتال مٹھی منتقل کیا گیا ہے







