تازہ ترینخبریںسپورٹسپاکستان

اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب کے ناظم حضیفہ رحمان، ناظم لاہور عبداللہ بن عباس، ناظم پنجاب یونیورسٹی احسن فرید و دیگر حقوق طلبہ تحریک کے حوالے سے پریس کانفرنس کررہے ہیں

اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب کے ناظم حضیفہ رحمان، ناظم لاہور عبداللہ بن عباس، ناظم پنجاب یونیورسٹی احسن فرید و دیگر حقوق طلبہ تحریک کے حوالے سے پریس کانفرنس کررہے ہیں۔

پریس ریلیز
لاہور (27 اکتوبر 2026)

*طلبہ کے حقوق کے لیے اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کا 9 سے 24 نومبر تک رحیم یار خان سے لاہور مال روڈ تک روڈ کارواں کا اعلان، مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو طلبہ بھرپور احتجاج کریں گے۔جمعیت*

اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب جنوبی کے ناظمِ صوبہ حذیفہ عثمان نے ناظم اسلامی جمعیت طلبہ لاہور عبداللہ بن عباس اور سیکرٹری اطلاعات اسلامی جمعیت طلبہ لاہور سیف اللہ چوہان کے ہمراہ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ 9 نومبر سے 24 نومبر تک رحیم یار خان سے لاہور مال روڈ تک "روڈ کارواں” منعقد کیا جائے گا، جس کے ذریعے پنجاب بھر کے طلبہ کو درپیش تعلیمی مسائل اور ان کے بنیادی حقوق کی آواز ایوانِ اقتدار تک پہنچائی جائے گی۔

حذیفہ عثمان نے کہا کہ تعلیم کسی مخصوص طبقے کی مراعات نہیں بلکہ ہر طالب علم کا بنیادی حق ہے۔ بڑھتی ہوئی فیسوں، سرکاری تعلیمی اداروں کی نجکاری، تعلیمی اداروں میں طلبہ کے عدم تحفظ اور طبقاتی نظامِ تعلیم نے طلبہ اور والدین کے لیے شدید مشکلات پیدا کر دی ہیں، جبکہ حکومت ان مسائل پر مسلسل خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

*پریس کانفرنس میں درج ذیل مطالبات پیش کیے گئے:*

1. تعلیمی اداروں میں طلبہ یونینز فوری طور پر بحال کی جائیں۔
2. تعلیمی فیسوں میں فوری کمی کی جائے اور تعلیم کو عام آدمی کی دسترس میں لایا جائے۔
3. تعلیمی اداروں میں طلبہ کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، ہراسگی و تشدد کے واقعات کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
4. نجی میڈیکل کالجز PMDC کی مقررہ حدود کے مطابق فیسیں وصول کریں۔
5. نجی جامعات کی فیسوں اور تعلیمی معیار کی نگرانی کے لیے خودمختار ریگولیٹری اتھارٹی قائم کی جائے۔
6. سرکاری تعلیمی اداروں کی نجکاری کا سلسلہ فوری بند کیا جائے اور ان کی سہولیات و تعلیمی معیار بہتر بنایا جائے۔
7. تعلیم کے لیے جی ڈی پی کا کم از کم 4 فیصد مختص کیا جائے۔
8. طبقاتی نظامِ تعلیم کا خاتمہ کر کے یکساں اور معیاری نظامِ تعلیم رائج کیا جائے۔

ناظم لاہور عبداللہ بن عباس نے کہا کہ لاہور کے طلبہ اس روڈ کارواں کا بھرپور استقبال کریں گے اور 24 نومبر کو مال روڈ پر ہزاروں طلبہ اپنے حقوق کے لیے یکجا ہوں گے۔

سیکرٹری اطلاعات سیف اللہ چوہان نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ پُرامن جدوجہد پر یقین رکھتی ہے، تاہم اگر حکومت نے طلبہ کے جائز مطالبات کو نظرانداز کیا تو طلبہ صوبہ بھر میں شدید احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومتِ پنجاب پر عائد ہوگی۔

آخر میں رہنماؤں نے طلبہ، والدین، اساتذہ اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ تعلیم کے حق اور طلبہ کے روشن مستقبل کی اس جدوجہد میں روڈ کارواں کا بھرپور ساتھ دیں۔

جاری کردہ:
سیف اللہ چوہان
سیکرٹری اطلاعات، اسلامی جمعیت طلبہ لاہور

جواب دیں

Back to top button