
مظفرآباد: مسلم لیگ (ن) کے بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم منتخب ہوگئے۔ جمعہ کو ہونے والے انتخاب میں انہوں نے 44 میں سے 30 ووٹ حاصل کیے۔
ان کے مدِمقابل پیپلز پارٹی کے سردار مختار احمد عباسی تھے، جنہیں 14 ووٹ ملے۔
آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کے ارکان کی مجموعی تعداد 53 ہے، تاہم پونچھ اور سدھنوتی اضلاع کی 7 نشستوں پر انتخابات نہ ہونے کے باعث اس وقت اسمبلی کی موجودہ تعداد 46 ارکان ہے۔
جمعہ کو وزیراعظم کے انتخاب کے دوران مجموعی طور پر 44 ووٹ ڈالے گئے۔ اسپیکر نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا جبکہ مسلم لیگ (ن) کے علاقائی صدر شاہ غلام قادر بھی اسمبلی اجلاس میں موجود نہیں تھے۔
ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد اسپیکر چوہدری طارق فاروق نے نتیجے کا اعلان کرتے ہوئے بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی کو کامیاب قرار دیا۔ اس موقع پر اسمبلی کی گیلریوں سے تالیاں بجانے اور نعروں کی آوازیں گونج اٹھیں۔
اس وقت آزاد کشمیر اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کو اپنے اتحادیوں سمیت 32 ارکان کی حمایت حاصل ہے جبکہ پیپلز پارٹی کے 14 ارکان اسمبلی میں موجود ہیں۔
گیلانی کی نامزدگی
مسلم لیگ (ن) کی جانب سے بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی کو آزاد کشمیر کا وزیراعظم نامزد کرنے کا فیصلہ بدھ کی رات اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں کیا گیا۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، سابق صدر اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر، پارٹی کے علاقائی سیکریٹری جنرل اور اسمبلی اسپیکر چوہدری طارق فاروق اور ڈپٹی اسپیکر احمد رضا قادری نے شرکت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ ان کے معاون رانا ثناء اللہ اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق بھی اجلاس میں موجود تھے۔







