تازہ ترینخبریںسیاسیاتپاکستان

گوجرانوالہ پاسپورٹ آفس وقت سے پہلے بند، محسن نقوی نے پورا عملہ ہٹا دیا

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے اچانک دورے کے دوران گوجرانوالہ ریجنل پاسپورٹ آفس مقررہ وقت سے پہلے بند کیے جانے، بیشتر عملے کے غائب ہونے اور شہریوں کو گیٹ سے ہی واپس بھیجے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس کی صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پورے عملے کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹانے اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے گوجرانوالہ ریجنل پاسپورٹ آفس کا اچانک معائنہ کیا تو سہ پہر تقریباً 4 بجے دفتر میں صفائی کا کام جاری تھا، جبکہ صورتحال سے ایسا محسوس ہورہا تھا جیسے دفتر پہلے ہی بند ہوچکا ہو۔

سرکاری اوقات کار کے مطابق پاسپورٹ آفس کو ساڑھے 4 بجے تک کھلا رہنا تھا، تاہم شہری پاسپورٹ سے متعلق خدمات کے حصول کے لیے پہنچے تو انہیں دفتر کے اندر داخل ہونے کے بجائے گیٹ سے ہی واپس بھیجا جا رہا تھا

اس موقع پر دفتر میں صرف ایک ملازم موجود تھا۔ محسن نقوی نے دفتر کے قبل از وقت بند ہونے، عملے کی غیر حاضری اور شہریوں کو واپس بھیجنے سے متعلق سوالات کیے، تاہم موجود ملازم وزیر داخلہ کو تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔

وزیر داخلہ نے صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت کے لیے قائم سرکاری دفاتر مقررہ اوقات کے دوران مکمل طور پر فعال رہنے چاہئیں

انہوں نے کہا کہ شہری دور دراز علاقوں سے پاسپورٹ بنوانے اور دیگر خدمات کے حصول کے لیے سرکاری دفاتر آتے ہیں، انہیں دفتر کے دروازے سے واپس بھیجنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔

محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس کے تمام عملے کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی ہدایت کی۔

انہوں نے واقعے کی مکمل انکوائری کرکے ذمہ داروں کا تعین کرنے اور پاسپورٹ آفس میں شہریوں کو خدمات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے نئے عملے کی تعیناتی کی ہدایت بھی کی۔

جواب دیں

Back to top button