
وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا ہےکہ اسپتالوں میں سگریٹ نوشی پر پابندی لگائیں گے تاکہ آگ لگنے کے واقعات سے بچا جاسکے۔
کراچی میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ جناح اور قومی ادارہ امراض قلب میں ملازمین کو بھرتی کرنے کی اجازت دی ہے، ایس آئی یو ٹی کو مزید بڑھایا گیا ہے اور چلڈرن وارڈ بنایا گیا ہے، این آئی سی وی ڈی میں او پی ڈی بلاک نیا بنایا ہے اور ٹراما سینٹر میں ویسکولر سرجری کا آغاز ہو گیا ہے جب کہ ٹراما سینٹر میں ہائبرڈ آپریشن تھیٹر بھی بنایا گیا ہے۔
وزیر صحت نے کہا کہ نیپا چورنگی انفیکشیئس ڈیزیز اسپتال میں بہتری لائی جارہی ہے، ایمبولنس ایمرجنسی سروسز مزید بہتر بنانے جارہے ہیں، تشخیصی لیبارٹریزکی سہولت بھی بڑھانے جارہے ہیں جب کہ سول اسپتال کا ماسٹر پلان بن گیا ہے میڈکل بلاک اس سال تعمیر ہونا شروع ہوگیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریڈیالوجی کا سسٹم آؤٹ سورس کرنے جا رہے ہیں، این آئی سی وی ڈی کے پیڈیاٹرک یونٹ جلد فعال کرنے والے ہیں۔
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ پمز اسپتال میں بچوں کی اموات پر افسوس ہے، پرانے اسپتالوں کا سروے کررہے ہیں، پرانے اسپتالوں میں بجلی کی لائنیں اور بریکر تبدیل کررہے ہیں، آگ بجھانے کے آلات اسپتالوں میں نصب ہیں جب کہ اسپتالوں میں فائر ڈرلز ہوں گی اور اسپتالوں میں سگریٹ نوشی پر مکمل پابندی لگائی جائے گی جس سے آگ لگنے کے واقعات کی روک تھام ممکن ہوسکے گی







