
وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مذاکرات ناکام ہونےکے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال چھٹے روز میں داخل ہوگئی، ہڑتال کے اثرات بڑے شہروں کی منڈیوں میں واضح نظر آنے لگے۔
گڈر ٹرانسپورٹرز کے عہدیداران نے ہڑتال پرآئندہ کے لائحہ عمل کے لیےآج اجلاس طلب کیا ہے۔ دوسری جانب لاہور میں منی مزدا ایسوسی ایشن نے ہڑتال سے لا تعلقی کا اعلان کیا ہے۔
گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کے اثرات بڑے شہروں کی منڈیوں میں واضح ہیں۔لاہور میں مال بردار گاڑیوں کی آمد 100 سے کم ہوکر 10 تک آگئی، سبزیوں، آٹے اور دالوں کی قیمتو ں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
پشاور میں20 کلو آٹے کا تھیلا 150 روپے اضافے سے 3 ہزار 150کا ہوگیا، دالوں کی قیمت بھی 15سے 20 روپے تک بڑھ گئی۔
کوئٹہ میں پیاز کی فی کلو قیمت سو سے 180 روپے جب کہ مرغی کی قیمت 50 روپے بڑھ کر 550 روے فی کلو تک پہنچ گئی۔
ادھر کراچی میں چھوٹی گاڑیوں کے ذریعے سبزیوں کی ترسیل جاری ہے۔
ہڑتال کے باعث ملکی برآمدی شعبے کو تیار مصنوعات بندرگاہ تک پہنچانے میں دشوار ی کا سامنا ہے۔






