
فیلڈ مارشل عاصم منیر نےکہا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذکرنے والے ادارے عوام کی بھرپور حمایت سے بلوچستان میں دیرپا امن لائیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 20 ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء کی جی ایچ کیو آمد ہوئی جہاں فیلڈ مارشل نے ملک کے مستقبل کی سمت کے تعین کےلیے قومی اتحاد اور ثابت قدمی کی ضرورت پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نےکہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے، یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، بلوچستان کے متحرک، باہمت، ثابت قدم اور محبِ وطن عوام اس کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ بلوچستان بے پناہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، یہاں کے محب وطن، باصلاحیت اور باہمت عوام ہی اس کا سب سے بڑا سرمایہ ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے جاری ترقیاتی منصوبوں کا مقصد بلوچستان کے سماجی و معاشی منظرنامے کو تبدیل کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نےکہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذکرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں عوام کی بھرپور حمایت سے بلوچستان میں دیرپا امن لائیں گی۔
فیلڈ مارشل نےکہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز جاری رہیں گے، یہ آپریشنز بھرپور عزم اور دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے خاتمے تک جاری رہیں گے۔







