
پاکستان نے سعودی عرب پرحوثیوں کے بیلسٹک میزائل حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری، علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا مشرقِ وسطیٰ (یمن) کی صورتحال پرہنگامی اجلاس ہوا جس میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے بھی خطاب کیا۔
پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے خطاب میں کہا کہ پاکستان سعودی عرب پر حوثیوں کے بیلسٹک میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔
عثمان جدون کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری، علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان یمن کی خودمختاری، آزادی، اتحاد اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتاہے، خطےمیں بڑھتی کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکرات ، سفارتکاری اور تحمل کا راستہ اختیار کریں۔
پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے مزید کہا کہ یمن میں پائیدارامن جامع سیاسی عمل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں یمن میں سعودی اتحادی فورس کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی جانب میزائل فائر کیے گئے تاہم ملکی فضائی دفاع نظام نے میزائل فضا میں تباہ کردیے۔







