
**جھنگ:** ایک نہایت افسوسناک اور انسانیت سوز واقعہ سامنے آیا ہے جہاں مبینہ طور پر ایک مالک نے اپنے ملازم کے نجی اعضا رسی سے باندھ کر اسے گھوڑے کے ساتھ باندھ دیا، جس کے نتیجے میں گھوڑے کے بھاگنے سے متاثرہ شخص شدید زخمی ہو گیا۔
ڈی پی او جھنگ ساجد حسین نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کا حکم دیا، جس پر تھانہ مسن پولیس نے فوری ایکشن کرتے ہوئے مبینہ ملزم عون کو گرفتار کر لیا اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ شخص حنیف کو زخمی حالت میں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ڈی پی او ساجد حسین کا کہنا ہے کہ ظلم، تشدد اور انسانی تذلیل جیسے سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ملزم کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔







