
ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے پاکستانی قیادت سے ٹیلیفونک گفتگو کی ہے جس میں خطے کی صورتِ حال اور جنگ بندی سے متعلق امور زیرِ غور آئے ہیں۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی وزیرِ خارجہ نے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بات چیت کی ہے۔
عباس عراقچی کا نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سے بھی رابطہ ہوا ہے
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق گفتگو میں خطے کی صورتِ حال اور امریکا سے جنگ بندی سے متعلق امور زیرِ غور آئے۔
ایرانی وزیرِ خارجہ نے پاکستانی قیادت سے علیحدہ علیحدہ رابطےکیے ہیں۔
اس حوالے سے دفترِ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کو ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے ٹیلیفون کیا، اس دوران پاکستان اور ایران کے درمیان خطے کی صورتحال اور جنگ بندی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق اسلام آباد کی جانب سے امریکا ایران رابطوں میں جاری سفارتی کوششوں پر گفتگو کی گئی، اسحاق ڈار نے مسائل کے حل کے لیے مسلسل مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔
ترجمان کے مطابق عباس عراقچی نے پاکستان کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہا، دونوں رہنماؤں نے رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا






