
پاکستان نے سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں واقع توانائی کی تنصیبات پر گذشتہ رات کیے گئے ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کی ’دو ٹوک‘ مذمت اور ’گہری تشویش‘ کا اظہار کیا ہے۔
وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں ان حملوں میں جانوں کے ضیاع پر دکھ اور اہم انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
’حکومتِ پاکستان متاثرین کے خاندانوں سے تعزیت کرتی ہے اور اس مشکل وقت میں سعودی عرب کی حکومت اور لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے۔‘
خیال رہے ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے منگل کو کہا تھا کہ انھوں نے سعودی عرب میں امریکی کمپنیوں کی پیٹروکیمیکل تنصیبات کو الجامعہ اور الجبیل میں نشانہ بنایا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب سے منسلک تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق یہ گیس اور تیل کی تنصیبات امریکی کمپنیوں کی ملکیت ہیں۔
وزارتِ خارجہ کی جانب سے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ: ’حکومت پاکستان ان حملوں کو سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی سمجھتی ہے۔







