تازہ ترینخبریںدنیاسیاسیاتپاکستان

سندھ: موٹر سائیکل سواروں کیلئے پیٹرول سبسڈی حاصل کرنے کا طریقہ کیا ہے؟

سندھ حکومت نے بڑھتی ہوئی پیٹرول کی قیمتوں کے پیشِ نظر موٹر سائیکل مالکان کے لیے ایک بڑا ریلیف پیکیج متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت ہر رجسٹرڈ موٹر سائیکل پر 2 ہزار روپے کی پیٹرول سبسڈی دی جائے گی۔

یہ اقدام ملک بھر میں ایندھن کی قیمتوں میں حالیہ غیر معمولی اضافے کے بعد کیا گیا ہے، جہاں پیٹرول کی قیمت 378 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 520 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا ہے، جس سے روزمرہ سفر اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے موٹر سائیکل سواروں کو مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثرہ طبقہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ، خصوصاً امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی کے باعث عوام پر بوجھ بن رہا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ صرف سندھ میں تقریباً 67 لاکھ رجسٹرڈ موٹر سائیکلیں موجود ہیں، جو اس ریلیف پروگرام کے وسیع دائرہ کار کو ظاہر کرتی ہیں۔

سبسڈی حاصل کرنے کا طریقہ کار:
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ سبسڈی کے حصول کے لیے موٹر سائیکل مالکان کو درج ذیل مراحل پر عمل کرنا ہو گا۔

مالکان کو ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کی ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے اپنی موٹر سائیکل رجسٹر کرنا ہو گی، جس میں درست شناختی کارڈ (سی این آئی سی) اور بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات فراہم کرنا ضروری ہے۔

شہریوں کو 15 دن کے اندر اپنی موٹر سائیکل اپنے نام پر رجسٹر کروانی ہو گی تاکہ وہ سبسڈی کے اہل قرار پائیں۔

اس مدت کے دوران موٹر سائیکل کی ملکیت کی منتقلی مفت ہو گی، تاکہ اصل مالکان آسانی سے فائدہ حاصل کر سکیں۔

تصدیق شدہ مالکان کے بینک اکاؤنٹس میں 2 ہزار روپے فی موٹر سائیکل کے حساب سے رقم براہِ راست منتقل کی جائے گی، جس کی ادائیگی 15 سے 20 اپریل کے درمیان متوقع ہے

جواب دیں

Back to top button