
ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے خطے کے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایسے علاقوں سے نکل جائیں جہاں امریکی افواج تعینات ہیں۔
پاسداران انقلاب سے وابستہ فارس نیوز ایجنسی کی طرف سے شائع کردہ ایک بیان میں، پاسداران انقلاب نے الزام لگایا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل ’شہری مقامات اور معصوم لوگوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔‘
بیان میں امریکہ پر ایرانی شہریوں اور اہلکاروں کو قتل کرنے کا الزام بھی لگایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ جنگ کے آغاز کے بعد سے پاسداران انقلاب کئی اس طرز کے انتباہات جاری کر چکی ہے۔ اس سے قبل 14 مارچ کو جب پاسداران انقلاب نے مشرق وسطیٰ میں امریکی صنعتی مقامات کے قریب رہنے والے رہائشیوں کو وہاں سے نکل جانے کا مشورہ دیا تھا۔
تاہم، اس تازہ ترین انتباہ میں، ایرانی حکام نے کسی مخصوص جگہ کا ذکر نہیں کیا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ اس نے ایک وسیع پیمانے کا انتباہ جاری کیا ہے۔
موجودہ جنگ میں پاسداران انقلاب کے کئی اعلیٰ کمانڈر مارے جا چکے ہیں۔







