
ڈی جی آئی ایس پی آر نے نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں افغان بہن بھائیوں سے مسئلہ نہیں وہ تو خود مظلوم ہیں اور اس رجیم کے ظلم کا شکار ہیں، ہم نے افغانوں کو نہیں دہشت گردوں کو حملے کا نشانہ بنایا، حملوں کے فوری بعد وزارت اطلاعات ان حملوں سے متعلق اپ ڈیٹ دیتی ہے، ہم واضح طور پر بتاتے ہیں کہ آج یہاں ان اہداف کو نشانہ بنایا گیا، کابل میں ملٹری کیمپ اور ایمونیشن اسٹوریج سائٹ تھی اس کو ٹارگٹ کیا، جہاں ایمونیشن ہو وہاں حملہ ہو تو اس کے بعد وہاں بارود پھٹنا شروع ہوجاتا ہے اور یہ دنیا نے دیکھا، ہم افغانستان میں اہداف کو نشانے بنانے میں بہت زیادہ محتاط ہیں، افغان طالبان رجیم جھوٹے دعوے کرتے ہیں اوربعد میں پوسٹس ڈیلیٹ کردیتے ہیں، کوئی ان سے پوچھے کہ ایمونیشن اسٹوریج میں ڈرگ اسپتال کیوں بنایا گیا تھا، یہاں پر کسی زمانے میں انھوں نے نشئی افراد کو یرغمال بنایا ہوا تھا، جتنے خودکش حملہ آور یہاں پاکستان میں پھٹتے ہیں نشئی ہوتے ہیں یا نشے کے زیر اثر ہوتے ہیں افغان طالبان رجیم کی پرانی عادت ہے یہ نشئیوں کو خودکش حملوں کے لیے استعمال کرتے ہیں





