دھمکی آمیز پوسٹ: عمران خان کیخلاف حکومت اورریاستی اداروں کیخلاف بغاوت پراکسانے کا مقدمہ درج
پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے دھمکی آمیز پوسٹ شیئر ہونے کے معاملے پر بغاوت پر اکسانے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت اور ریاستی اداروں کے خلاف بغاوت پراکسانے کے الزام میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
ذرائع نے بتایاکہ مقدمہ نمبر 1138/24 مورخہ 13 ستمبر 2024 کو درج کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے سائبرکرائم کی 4 رکنی تفتیشی ٹیم ہفتے کی صبح دوبارہ تفتیش کیلیے اڈیالہ جیل جائے گی اور تفتیشی ٹیم بانی پی ٹی آئی سے بغاوت کے پیغامات اورانہیں آگے پھیلانے میں ملوث ساتھیوں سے متعلق پوچھ گچھ کرے گی
دوسری جانب سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے دھمکی آمیز پوسٹ شیئر ہونے کا معاملے پر بانی پی ٹی آئی نے ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے سے انکار کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے جواب دیاکہ وکلا کی موجودگی میں تفتیش میں شامل ہوں گا۔
ایف آئی اے ٹیم بانی پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی پوسٹ کی تحقیقات کیلئےخصوصی طور پر اڈیالہ جیل پہنچی تھی اور چاررکنی ٹیم اڈیالہ جیل میں سوا گھنٹے سے زائد موجود رہی، انکارکے بعد واپس روانہ ہوگئی۔
تحقیقاتی ٹیم اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایازخان کی سربراہی میں اڈیالہ جیل پہنچی تھی، تفتیشی ٹیم میں ایف آئی اے سائبر کرائم کے تفتیشی اور تکنیکی افسران شامل تھے۔