انتخابات

حب میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے دوران فائرنگ، کم از کم دو افراد ہلاک

کراچی سے متصل بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے موقع پر فائرنگ سے کم از کم دو افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوئے ہیں۔

ایس ایس پی حب منظور بلیدی نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ سیوک سینٹر کے باہر ہوا جہاں بلوچستان اسمبلی کی حب سے نشست کے لیے پڑنے والے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے حوالے سے لوگ سینٹر کے باہر جمع ہوئے تھے۔

انھوں نے بتایا فریقین کو دور رکھنے کے لیے اقدامات کیے گئے لیکن اس دوران ’بعض شرپسندوں نے فائرنگ کی جس میں کم از کم دو افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ سے 12 زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ شدید زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے بعد علاج کے لیے کراچی منتقل کیا گیا۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ فائرنگ کے الزام میں تین ملزمان کو گرفتار کر کے ان سے کلاشنکوف برآمد کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ صورتحال کو مزید خراب ہونے سے بچانے کے لیے فرنٹیئر کور کی بھی تعیناتی کی گئی ہے۔

جواب دیں

Back to top button