تازہ ترینخبریںسیاسیات

پنجاب میں میرا داخلہ بند ہوا تو گورنر راج لگا دونگا: رانا ثنا اللّٰہ

وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ گورنر راج کی سمری وزارتِ داخلہ میں تیار ہو رہی ہے، میں نے گورنر راج کی سمری پر کام شروع کر دیا ہے، میرا پنجاب میں داخلہ بند ہوا تو گورنر راج کا جواز ہو گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کل کے عدالتی فیصلے کے بعد میڈیا اور سوشل میڈیا پر جو گفتگو ہوئی وہ افسوس ناک ہے، کچھ معاملات ایسے ہیں جن سے ایسی گفتگو کو تقویت ملتی ہے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز کے خط کے مندرجات دیکھے، یہ لمحۂ فکریہ ہے، اگر ایسی فضا معتبر اداروں میں ہے تو ہم تباہی کے دھانے پر ہیں، اسلام آباد پر چڑھائی کی کوشش کی گئی تو ہم خود روکیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ تحریکِ عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد ن لیگ کا فیصلہ تھا کہ انتخابات میں جائیں لیکن اتحادیوں اور محبِ وطن افراد نے موجود حالات میں الیکشن کی طرف نہ جانے کا مشورہ دیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ  وفاقی حکومت کا اپنا رول ہوتا ہے، اس کے پاس بڑے ادارے ہوتے ہیں، موجودہ وفاقی حکومت اتحاد کی حکومت ہے، جس کے پاس سندھ، بلوچستان میں حکومت ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ نوازشریف واپس آئیں گے اور انتخابی مہم چلائیں گے، یہ کہنا کہ حکومت یہاں تک محدود ہے بیوقوفانہ بات ہے، فرح گوگی کا معاملہ اینٹی کرپشن میں چل رہا ہے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ خان صاحب کی کرپشن کے ایسے حوالے سامنے آ رہے ہیں کہ وہ شرم سے منہ نہیں دکھا سکیں گے، القادر ٹرسٹ کا جواب دیں، ان کے پاس اپنی صفائی کے لیے لفظ نہیں۔

اُن کا کہنا ہے کہ  63 اے کی تشریح جو عدلیہ نے کی یہ زیادہ عرصے تک نہیں رہے گی، پارلیمنٹ کے علاوہ کسی ادارے کو اختیار نہیں دیں گے کہ وہ آئین میں تبدیلی کرے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے پوری قوم کیلئے لمحۂ فکریہ ہے، ڈالر اس وقت چھلانگیں لگا رہا ہے، جب ایسے معاملات ہوں گے تو ایسی صورتِ حال ہو گی۔

اُنہوں نے کہا کہ عدلیہ کا احترام ہر معاشرے کے لیے لازمی ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے سے سیاسی صورتِ حال مزید خراب ہوئی ہے، سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہو رہا ہے،  آزاد اور غیر جانبدار عدلیہ ہر معاشرے کی ضرورت ہے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ نیب آزاد ہے، ادارے آزدانہ طور پر کام کریں، نیب میں کوئی مقدمہ حکومت کے کہنے پر نہیں بنے گا، کرپشن کے مقدمات درج کرنے کا فیصلہ چیئرمین نیب کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button