تازہ ترینخبریںفن اور فنکار

ماہیما چوہدری میں کینسر کی تشخیص

بالی ووڈ کی سُپر ہٹ فلم ’پردیس‘ کی اداکارہ ماہیما چوہدری چھاتی کے کینسر سے لڑ رہی ہیں۔

ماہیما چوہدری، جو 1997 کی کامیاب فلم ’پردیس‘ میں اپنی اداکاری کے لیے مشہور ہیں جس میں اُنہوں نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ اداکاری کی تھی، اُنہیں چھاتی کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔

اس حوالے سے سینئر اداکار انوپم کھیر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ماہیما چوہدری کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اداکارہ کی صحت کے بارے میں اپ ڈیٹ دی۔

انوپم کھیر نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ ’ماہیما چوہدری کی ہمت اور کینسر کی کہانی، میں نے ماہیما چوہدری کو ایک ماہ قبل اپنی 525 ویں فلم ’دی سِگنیچر‘ میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے امریکا سے بلایا تھا، ملاقات میں ہماری گفتگو کا رُخ بدل گیا جب مجھے معلوم ہوا کہ اُنہیں چھاتی کا کینسر ہے۔‘

اداکار نے کہا کہ ’ماہیما چوہدری کی ہمت اور اُن کا رویہ پوری دنیا کی بہت سی خواتین کو اُمید دے گا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’ماہیما ہیرو ہے، بہادر ہے، اُن کے لیے دُعائیں بھیجیں، وہ سیٹ پر واپس آ گئی ہیں لیکن اُنہیں پیار، محبت اور دُعاؤں کی ضرورت ہے۔‘

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کینسر کے علاج کی وجہ سے ماہیما چوہدری کے سر پر بال نہیں ہیں اور وہ انوپم کھیر سے گفتگو کرتے ہوئے آبدیدہ بھی ہوئیں۔

واضح رہے کہ ماہیما چوہدری نے فلم پردیس، پیار کوئی کھیل نہیں، دیوانے، دھڑکن،  باغبان، اوم جئے جگدیش، دل ہے تمہارا جیسی فلموں میں کام کیا ہے۔ وہ آخری بار 2016 کی فلم ڈارک چاکلیٹ میں نظر آئی تھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button