تازہ ترینخبریںپاکستان

لانگ مارچ کی اجازت نہیں دی جائے گی، انہیں ہر حال میں روکا جائے گا

وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے لانگ مارچ کی اجازت نہیں دی جائے گی، انہیں روکا جائے گا، یہ لوگ اسلام آباد آ کر افراتفری پھیلائیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء نے اتحادی جماعتوں کے وفاقی وزراء کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ گالیوں سے گولیوں پر آ گئے ہیں، لانگ مارچ کے نام پر فتنہ مارچ کیا جا رہا ہے، لانگ مارچ کے نام پر قوم کو تقسیم کیا جا رہا ہے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ اس فتنے اور فساد کو روکنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پر امن احتجاج اور اظہار رائے سب کا حق ہے مگر یہ پر امن احتجاج کرنے نہیں آرہے، یہ اس سے پہلے بھی پر امن احتجاج کا نام لے کر آئے تھے پھر جو ہوا سب کے سامنے ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر یہ احتجاج کو خونی احتجاج کا نام نہ دیتے تو ہم راستے میں حائل نہ ہوتے، اس لیے اس فتنے کو اسی مرحلے پر روکا جائے گا یہ بہت بڑی خدمت ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی کو ریاست کے دارالحکومت کے محاصرے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، اسلام آباد کے شہریوں، تاجروں کی جان مال کی ذمہ داری موجودہ حکومت پر ہے، اسے ہر قیمت پر نبھائیں گے۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ پچھلی حکومت کو آئینی طریقے سے ہٹایا گیا، کسی کو اسلام آباد کے محاصرے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ اطلاع ہے کچھ لوگ مسلح ہو کر اسلام آباد آنا چاہتے ہیں، مسلح جتھوں کو اسلام آباد آنے سے روکنا چاہیے۔

رانا ثناء نے کہا کہ تحریک انصاف آئینی عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہی ہے، پر امن احتجاج ہر کسی کا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلحے سے لیس ہو کر آنے والوں کو وارننگ ہے کہ قانون کو ہاتھ میں نہ لیں۔

اس سے قبل رانا ثناء کی پریس کانفرنس کا مقام تبدیل کیا گیا تھا۔

رانا ثناء اللّٰہ کی پریس کانفرنس اب 2 بج کر 5 منٹ پر پی ٹی وی ہیڈکوارٹر میں ہوگی۔

اس سے قبل وزیر داخلہ رانا ثناء کی پریس کانفرنس پی آئی ڈی میں ہونا تھی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button