تازہ ترینجرم کہانیخبریں

’شاکر چاول نہیں کھاتا تھا، اس لیے روٹی لینے باہر گیا‘ والد نے درد ناک تفصیل بیان کر دی

آٹھ سالہ معصوم بچے شاکر حسین کے غم زدہ والد نے قتل کے روز واقعے کی تفصیل بیان کرتے ہوئے بتایا کہ انھیں بالکل بھی امید نہیں تھی کہ ان کا بچہ اس طرح خون میں لت پت ملے گا۔

کراچی کے علاقے قائد آباد ماروی گوٹھ میں گزشتہ روز دوسری جماعت کے طالب علم 8 سالہ بچے کا گلا کاٹ کر قتل کر دیا گیا تھا، ایم ایل او ڈاکٹر کے مطابق آٹھ سالہ شاکر کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا۔

والد نے بتایا کہ شاکر گزشتہ رات 9 سے 10 بجے کے درمیان لا پتا ہوا، اس وقت علاقے میں بجلی چلی جاتی ہے، اور ہر طرف اندھیرا ہوتا ہے۔

بچے کے والد کا کہنا تھا کہ گھر میں چاول پکے تھے اور شاکر چاول نہیں کھاتا تھا، اسے روٹی چاہیے تھی تو وہ روٹی لینے باہر گیا، ہوٹل لائبریری کے پاس ہی ہے، لیکن جب آدھ پونا گھنٹا وہ واپس نہیں آیا تو میں نے پریشان ہو کر علاقے میں تلاش کر دی اور پورا علاقہ چھان مارا۔

انھوں نے کہا اس دوران لائبریری کے قریب لوگوں کا رش دیکھا، پھر میرا پڑوسی بھاگتا ہوا آیا کہ لائبریری میں ایک بچے کی لاش پڑی ہے، دیکھو کہیں وہ تو نہیں۔

دکھ سے بھرے لہجے میں والد نے بتایا کہ مجھے امید نہیں تھی کہ مجھے میرا بچہ اس طرح خون میں لت پت ملے گا، میں بھاگتا ہوا گیا، جب میں نے دیکھا تو میرے بچے کا گلا کٹا ہوا تھا، اور اسے پیچھے ایک اسٹور روم میں گھسیٹ کر لے جایا گیا تھا۔

لائبریری کے اوپر ایک سرائے خانہ بھی ہے، جس میں کچھ لوگ رہائش پذیر ہیں، جنھیں پولیس نے حراست میں لیا ہے، حراست میں لیے جانے والے مشبتہ افراد کی تعداد 18 ہے۔

مقتول شاکر حسین کے والد نے بتایا کہ میں فیکٹری میں جاب کرتا ہوں، میری کسی سے دشمنی نہیں، میرے بچے کو بہیمانہ تشدد کر کے قتل کیا گیا، وزیر اعلیٰ اور آئی جی سے مطالبہ ہے ملوث افراد کو سخت سزا دی جائے، ہم بچے کے بہیمانہ قتل پر احتجاج بھی کریں گے۔

والد نے یہ بھی کہا کہ آج صبح سے پولیس نے ہم سے کوئی رابطہ نہیں کیا، اور ایف آئی آر میں ہمارا مؤقف بھی نہیں لیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button