تازہ ترینخبریںفن اور فنکار

’کانپیں ٹانگ رہی ہیں‘ پر فلم بنانے کی تیاریاں

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے گزشتہ ماہ 8 مارچ کی شب کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جلسے کے دوران بولے گئے اردو کے جملے ’کانپیں ٹانگ رہی ہیں‘ پر ٹیلی فلم بنانے پر کام شروع کردیا گیا۔

بلاول بھٹو نے سندھ کے دارالحکومت کراچی سے 27 فروری کو نکلنے والے عوامی مارچ کے اسلام آباد پہنچنے پر خطاب کے دوران کہا تھا کہ ان کے مارچ سے دارالحکومت میں ’کانپیں ٹانگ رہی ہیں‘

دراصل وہ یہ کہنا چاہ رہے تھے کہ ان کے پریشر سے حکومت کی ’ٹانگیں کانپ رہی ہیں‘۔

ان کے مذکورہ جملے پر اگرچہ اب سیاستدان بھی مذاق کرتے دکھائی دیتے ہیں اور مخالفین کو بولتے رہتے ہیں کہ ان کی ’کانپیں ٹانگ رہی ہیں‘، تاہم اسی جملے پر ٹیلی فلم بھی بنائی جا رہی ہے۔

اداکارہ صاحبہ نے انسٹاگرام پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ’کانپیں ٹانگ رہی ہیں‘ پر فلم بنانے پر کام جاری ہے، جس میں وہ بھی اداکاری کرتی دکھائی دیں گی۔

اداکارہ نے ٹیلی فلم کے اسکرپٹ کو ہاتھ میں پکڑے ہوئے اپنی تصویر شیئر کی اور بتایا کہ ٹیلی فلم کو عید الفطر کے موقع پر ’اے آر وائے ڈیجیٹل‘ پر پیش کیا جائے گا۔

ان کی جانب سے شیئر کیے گئے اسکرپٹ میں ٹیلی فلم کے لکھاری کے طور پر منصور احمد خان کا نام پڑھا جا سکتا ہے۔

صاحبہ نے ’کانپیں ٹانگ رہی ہیں‘ کے اسکرپٹ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ہدایت کار مظہر معین کو بھی پوسٹ میں مینشن کیا، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ٹیلی فلم کی ہدایات وہی دے رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کے جملے ’کانپیں ٹانگ رہی ہیں‘ سے قبل سابق وزیر اعظم عمران خان کے مشہور جملے ’گھبرانا نہیں ہے‘ پر بھی فلم بنائی جا چکی ہے اور اسے بھی عید الفطر پر ریلیز کیا جائے گا۔

عمران خان نے 2018 میں وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد متعدد بار قوم سے خطاب کرنے کے دوران عوام کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا تھا کہ ’گھبرانا نہیں ہے‘۔

عمران خان کے مذکورہ جملے پر بھی کئی میمز بنائی گئیں اور سیاستدان بھی اسی جملے پر مذاق اڑاتے رہتے ہیں اور اب اسی جملے پر بنائی گئی کامیڈی فلم ’گھبرانا نہیں ہے‘ کو عید پر ریلیز کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button