تازہ ترینخبریںپاکستان

نئے وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے ووٹنگ کل یا پرسوں ہو گی، شیڈول جاری

سیکریٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی نے کہا ہے کہ نئےوزیراعلی پنجاب کے انتخاب کےلیے ہفتے کو صرف شیڈول جاری ہوگا،ووٹنگ نہیں ہوگی۔

محمد خان بھٹی نے  بتایا کہ ہفتے کو پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں کوئی اور کارروائی نہیں ہوگی،صرف نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کےلیے شیڈول جاری ہوگا۔

انھوں نے بتایا کہ یہ اسپیکر کا اختیار ہے کہ ووٹنگ کل کرواتے ہیں یا پیرکو،فیصلہ اسپیکرپرویزالہیٰ نے کرنا ہے۔

حکومت کی جانب سے چوہدری پرويزالٰہی کو اُميدوار نامزد کيا گيا ہے جبکہ ن ليگ نے حمزہ شہباز کے نام پر اتفاق کرليا ہے۔

لیگی رہنما رانا مشہود نے دعویٰ کیا کہ ن ليگ کو پی ٹی آئی ميں شامل کچھ گروپوں کی بھی حمايت حاصل ہے،186 ووٹ حاصل کرنے والا قائد ایوان کہلائے گا۔

جہانگير ترين گروپ نے وزارت اعلیٰ کيلئے حمزہ شہباز کی حمايت کا اعلان کرديا اور بتایا کہ ہمارا ن ليگ سے اتحاد ہوگيا ہے، حمزہ شہباز کو وزيراعلیٰ پنجاب بنوائيں گے۔ ترين گروپ کے رکن صوبائی اسمبلی سلمان نعيم نے سماء سے گفتگو ميں حمزہ شہباز کی حمایت کی تصديق کی ہے۔

اس سے قبل جمعہ یکم اپریل کو گورنر پنجاب نے وزيراعلیٰ پنجاب کا استعفی منظورکیا تھا۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس 2 اپريل کو طلب کیا گیا جس کے ایجنڈے میں نئے وزیر اعلی کا انتخاب شامل تھا۔عثمان بزدار کا استعفیٰ منظورہونےکے بعد تحريک عدم اعتماد غيرموثر ہوگئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے جمعرات کو راولپنڈی میں آخری سرکاری تقریب میں شرکت کی تھی۔ عثمان بزدار نےاپنا سرکاری دفترجمعرات کوخالی کردیا تھا۔

وزيراعلیٰ پنجاب کے استعفیٰ کی منظوری کے بعد گورنرہاؤس نےاسمبلی سيکرٹريٹ کوآگاہ کردیا تھا تھا۔

واضح رہے کہ عثمان بزدارنے4روزقبل استعفیٰ وزيراعظم عمران خان کوپيش کيا تھا۔ عثمان بزدار کے مستعفیٰ ہونے پر اسپیکرپنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ کو پی ٹی آئی کی جانب سے نیا وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کیا گیا۔

تیس مارچ بروز بدھ کوعلیم خان گروپ نے (ق) لیگ کو وزیراعلیٰ پنجاب کا ووٹ دینے سے انکار کردیا۔علیم خان گروپ کے ترجمان میاں خالد محمودنےبتایا تھا کہ عمران خان جن القابات سے پرویز الہی کو بلاتے تھے ہم تو انہیں دہرانے کی جسارت بھی نہیں کرسکتے۔

انھوں نے کہا کہ پہلے 4سال ایک بے ایمان اور نکمے شخص عثمان بزدار کو مسلط رکھا اور اب پرویز الہی کو نامزد کردیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button