وزیراعظم عمران خان کےخلاف اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد جمع کرادی ہے۔
منگل کی دوپہر اسلام آباد میں اپوزیشن ارکان نے اسپیکرآفس میں تحریک جمع کرائی۔ تحریک عدم اعتماد کے ساتھ اسمبلی اجلاس کی ریکوزیشن بھی جمع کرائی گئی۔
ریکوزیشن کے ساتھ تحریک جمع کرانے کا نوٹس بھی دیا گیا۔ تینوں کاغذات ایڈیشنل سیکرٹری محمد مشتاق نے وصول کئے۔
اس کے علاوہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان،اپوزیشن لیڈرشہبازشریف اور سابق صدرآصف زرداری منگل کی دوپہر ساڑھے4 بجے مشترکہ پریس کانفرنس کریں گے۔
اسلام آباد میں ہونے والی اس پریس کانفرنس میں حکومت کےخلاف تحریک عدم اعتماد کے بعد کی صورتحال کا اعلان ہوگا۔پریس کانفرنس مارگلہ ہوٹل اسلام آباد میں ہوگی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی نے اپنے تمام پارلیمنٹیرین کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کردی ہے۔
مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف نے بھی قومی اسمبلی میں عدم اعتماد لانے کی ہدایت کی تھی ۔ پارلیمانی پارٹی نے مسلم لیگ نون کے قائد کے فیصلے کی توثیق کردی تھی۔