تازہ ترینخبریںفن اور فنکار

مجھے غیر شادی شدہ یا سنگل قرار دیا جائے، کم کارڈیشین کی عدالت سے درخواست

دنیا کی مقبول ترین ریئلٹی ٹی وی اسٹار 41 سالہ کم کارڈیشین نے امریکی عدالت سے درخواست کی ہے کہ اگر ان کے سابق شوہر انہیں طلاق دینے کے لیے بھی رضامند نہیں تو بھی انہیں غیر شادی شدہ قرار دیا جائے۔

کم کارڈیشین نے گزشتہ برس فروری میں اپنے تیسرے شوہر 44 سالہ ریپر کانیے ویسٹ سے طلاق کے لیے لاس اینجلس کی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

ان کی جانب سے دائرہ کردہ طلاق کی درخواست پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا اور اب انہوں نے مذکورہ عدالت میں ایک اور درخواست دائر کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی ہے کہ انہیں ’غیر شادی شدہ‘ قرار دیا جائے۔

امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کے مطابق کم کارڈیشین کی جانب سے دائرہ کردہ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ان کی شادی کی قانونی حیثیت ختم کردی جائے۔

اداکارہ و ٹی وی اسٹار نے اپنی درخواست میں لکھا ہے کہ انہوں نے کانیے ویسٹ کو اپیل کی تھی کہ وہ طلاق کے معاملات کو خفیہ رکھیں اور شادی کو ختم کرکے آگے بڑھیں مگر وہ اپنی ضد پر قائم ہیں۔

اداکارہ کی درخواست کے مطابق کانیے ویسٹ انہیں طلاق دینے کو تیار نہیں اور نہ ہی معاملات کو خفیہ رکھ رہے ہیں بلکہ شادی، تعلقات اور بچوں سے متعلق معلومات سوشل میڈیا پر پھیلا رہے ہیں۔

انہوں نے کانیے ویسٹ پر غلط معلومات پھیلانے کا الزام بھی لگایا اور عدالت سے استدعا کی کہ ان کی شادی کی قانونی حیثیت ختم کرکے انہیں ’غیر شادی شدہ‘ یا ’سنگل‘ قرار دیا جائے تاکہ ان کے سابق شوہر کو احساس ہو کہ اب ان کی شادی ختم ہو چکی ہے۔

اس سے قبل کم کارڈیشین نے فروری 2021 میں طلاق کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔

کم کارڈیشین اور کانیے ویسٹ نے 24 مئی 2014 کو اپنے ہاں پہلے بچے کی پیدائش کے بعد شادی کی تھی۔

گزشتہ ساڑھے 6 سال کے دوران دونوں کے ہاں چار بچے ہوئے اور دونوں نے رومانوی جوڑی ہونے کی وجہ سے دنیا بھر میں شہرت بھی بٹوری اور دونوں کی کمائی میں بھی خوب اضافہ ہوا۔

دونوں کے رومانس، اختلافات اور انتہائی رازدارانہ اور ذاتی مسائل کی خبریں بھی عالمی میڈیا کی زینت بنتی رہیں، تاہم جولائی 2020 میں ان دونوں کی ازدواجی زندگی کے حوالے سے نئی بحث چھڑ گئی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button