پشاور کے ایک پولیس اسٹیشن پر دستی بموں سے حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق پشاور کے پولیس اسٹیشن پھندو پر نامعلوم افراد کی جانب سے دستی بموں سے حملہ کیا گیا ہے۔
پشاور پولیس نے بتایا ہے کہ نامعلوم شر پسندوں نے پولیس اسٹیشن پر 2 دستی بم پھینکے۔
پشاور پولیس کا کہنا ہے کہ اس حملے کے نتیجے میں پولیس اسٹیشن کی عمارت اور وہاں کھڑی موٹر سائیکلوں کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔
نامعلوم حملہ آور دستی بم کا حملہ کرنے کے بعد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب رہے ہیں۔
حملے میں زخمی ہونے والے تینوں پولیس اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا۔
لیڈی ریڈنگ اسپتال کی انتظامیہ کے مطابق تینوں زخمی اہلکاروں کو طبی امداد فراہم کی گئی، جس کے بعد 2 اہلکاروں کو اسپتال سے فارغ کر دیا گیا جبکہ تیسرے زخمی اہلکار کی حالت بھی خطرے سے باہر ہے۔
دوسری جانب پولیس اسٹیشن پھندو پر دستی بم حملے کی سی سی ٹی وی ویڈیو پولیس نے حاصل کر لی جس میں حملہ آور کو تھانے پر 2 دستی بم پھینکتے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس کے مطابق ویڈیو میں حملہ آور کو چہرہ رومال سے ڈھانپے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے، مزید تفتیش کے لیے سی ٹی ڈی حکام کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے۔
سی سی پی او عباس احسن اور ایس پی سٹی عتیق شاہ حملے کی اطلاع ملتے ہی تھانے پہنچ گئے۔
سی سی پی او عباس احسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صبح 6 بج کر 6 منٹ پر پھندو تھانے پر 2 دستی بم پھینکے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ تھریٹ الرٹ ملا تھا جس پر تمام تھانوں کو الرٹ رہنے کا کہا گیا تھا، حملہ آور کے ساتھ اس کا دوسرا ساتھی بھی تھا۔
سی سی پی او نے بتایا کہ مشتبہ افراد اور عینی شاہدین سے بھی تفتیش جاری ہے، شواہد اکٹھے کیے گئے ہیں، جلد ملزمان تک رسائی یقینی بنائیں گے۔