تازہ ترینخبریںپاکستان

صدر مملکت سے آرمی چیف کی ملاقات، انتہا پسندوں کو ختم کرنے کا عزم

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملکی سلامتی کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے متشددعناصر کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایوان صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔

بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں قومی سلامتی اور علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

ایوان کے مطابق آرمی چیف نے صدر مملکت کو سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ تیاری اور دہشت گرد عناصر کے خلاف اقدامات پر بریفنگ دی۔

آرمی چیف نے اس موقع پر ملک سے انتہاپسند اور متشدد عناصر کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔

صدر مملکت نے بلوچستان اور خیبر پختونخواہ کے ضم شدہ اضلاع میں حالیہ آپریشنز کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ قوم کو اپنی مسلح افواج کی قربانیوں پر فخر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج نے ہمیشہ تمام مشکلات کے باوجود ملکی سرحدوں کا دفاع کیا ہے۔

خیال رہے کہ 2 فروری کو دہشت گردوں کی جانب سے نوشکی اور پنجگور میں واقع سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر دو علیحدہ علیحدہ حملے کیے گئے تھے۔

تاہم سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دونوں حملوں کو ناکام کردیا گیا تھا جس میں 20 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے جبکہ اس سلسلے میں سیکیورٹی کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ پنجگور میں دہشت گردوں نے دو مقامات سے فوجیوں کے کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کی، نتیجے میں فورسز نے کوشش ناکام بنادی، فائرنگ کے تبادلے میں ایک سپاہی شہید ہوا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button