تازہ ترینخبریںپاکستان

بہترین کارکردگی پر 10 وزرا کیلئے تعریفی اسناد، مراد سعید کا پہلا  نمبر

اسلام آبادٜ بہترین کارکردگی پر 10وفاقی وزارتوں میں تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔ مراد سعید کا پہلا، اسد عمر کا دوسرا اور ثانیہ نشتر کا تیسرا نمبر رہا۔
وزیراعظم عمران خان نے بہترین کارکردگی پر 10وفاقی وزارتوں میں تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔ چوتھے نمبر پر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود، پانچویں نمبر پر وفاقی وزیر ہیومن رائٹس شیریں مزاری رہیں۔
چھٹے نمبر پر وفاقی وزیر خسرو بختیار، ساتویں پر معید یوسف، آٹھویں نمبر پر عبدالرزاق دائود رہے۔ شیخ رشید کی وزارت کا نواں، فخر امام کی وزارت کا دسواں نمبر رہا۔
اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ شہزاد ارباب نے پہلے ہی بتا دیا تھا ٹاپ 10کون ہیں اس لیے باقی وزرا نہیں آئے، مراد سعید کی وزارت کی کارکردگی بہترین ہے، مراد سعید کو پہلے نمبر پر آنے پر مبارکباد دیتا ہوں، تعریفی اسناد کی تقسیم سے وزارتوں کی کارکردگی مزید بہتر ہوگی، بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالی وزارتوں کو مراعات دی جائیں گی، سزا اور جزا کے بغیر دنیا کا کوئی نظام کامیاب نہیں ہوسکتا۔
عمران خان نے کہا کہ گورننس کا مقصد عوام کی زندگی میں بہتری لانا ہونا چاہیے، ہمیں اپنی برآمدات کو فروغ دے کر معیشت کو مستحکم بنانا ہے، بہتر کارکردگی دکھانے والی وزارتوں کے بونس میں اضافہ کیا جائے گا، معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے غیر روایتی حل تلاش کرنا ہے۔
دوسری جانب بڑے بڑے وزرا کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگ گیا۔ شاہ محمود قریشی، فواد چودھری، شوکت ترین، حماد اظہر، پرویز خٹک تعریفی سرٹیفکیٹ نہ لے سکے۔
شبلی فراز، فیصل سلطان، فروغ نسیم، مونس الٰہی اور امین الحق بھی ٹاپ ٹین میں جگہ بنانے میں ناکام ہوگئے۔ فہرست میں شامل نہ ہونے والے وزرا نے اپنی کارکردگی پر خود ہی اطمینان کا اظہار کر دیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ مثبت کارکردگی دکھا رہی ہے، وزیراعظم بھی مطمئن ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے آئندہ بہتر کارکردگی سے سرٹیفکیٹ جیتنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزرائ کی کارکردگی منصوبوں پر عملدرآمد سے جانچی جاتی ہے، پراجیکٹس پر عملدرآمد رپورٹ وزارت وزیراعظم آفس کو دیتی ہے، کچھ منصوبوں میں ردوبدل کیا ہے جو زیادہ سود مند ہوگا، آئندہ کارکردگی سرٹیفکیٹ جیتنے کے لئے پر امید ہوں۔
ن لیگ کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے وزرا کو بدترین کارکردگی پر سرٹیفکیٹ دیئے، نیازی کابینہ چارج شیٹ کی مستحق ہے۔
شیری رحمان کا کہنا ہے کہ حکومت کی تین سالہ کارکردگی بدانتظامی، کرپشن اور ناکامیوں سے بھری ہے، کون سی وزارت ہے جس کی وجہ سے ملک میں بحران پیدا نہیں ہوا، وزیراعظم نے وزرائ کو تعریفی سرٹیفکیٹ دیکر قوم کے ساتھ مذاق کیا۔
جے یو آئی ف نے بھی وزرا کو تعریفی اسناد دینے کو ٘مذاق قرار دے دیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ملک کی تباہی کے ذمہ دار وزرا کو تعریفی اسناد دینا بے شرمی کی انتہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button