بائیڈن انتظامیہ ان 33 چینی کمپنیوں پر نئی پابندیاں عائد کر رہی ہے جن کے قانونی ہونے کی تصدیق نہیں کی جاسکی، ان کمپنیوں پر امریکی برآمد کنندگان سے کھیپ وصول کرنے کی اجازت پر نئی پابندیاں عائد ہوں گی۔
خبررساں ادارے ‘اے پی’ کی رپورٹ کے مطابق نئی پابندیوں کے تحت ان کمپنیوں کے ساتھ کاروبار کی خواہش مند امریکی کمپنیوں سے اضافی مستعدی کا مطالبہ کیا جائے گا۔
امریکی محکمہ تجارت نے کہا کہ وہ کمپنیوں کو ’اَن ویریفائڈ لسٹ‘ میں شامل کر رہا ہے جوکہ دنیا بھر میں موجود ان کاروباری اداروں کی ایک فہرست ہے جو امریکی حکام کی جانب سے روایتی جانچ نہ کیے جانے کی وجہ سے سخت برآمدی کنٹرول کا شکار ہیں۔
ایکسپورٹ انفورسمنٹ کے محکمے کے اسسٹنٹ سیکریٹری میتھیو ایکسلروڈ نے ایک بیان میں کہا کہ بروقت جانچ کے ذریعے امریکی برآمدات حاصل کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں کی قانونی حیثیت اور مستند ہونے کی تصدیق ہمارے ایکسپورٹ کنٹرول سسٹم کا بنیادی اصول ہے۔