تازہ ترینخبریںسپورٹس

24 برس بعد دورۂ پاکستان کے لیے آسٹریلوی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان

آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے دورۂ پاکستان کے لیے 18 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس کی قیادت پیٹ کمنز کریں گے۔

آسٹریلیا کی ٹِیم 24 برس بعد رواں ماہ کے اختتام پر پاکستان پہنچے گی جہاں تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچز شیڈول ہیں۔ اس سے قبل آسٹریلیا کی ٹیم نے 1998 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

آسٹریلوی بورڈ نےاپنے ایک ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ ابتدائی طور پردورۂ پاکستان کے لیے ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کیا جارہا ہے تاہم ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے ٹیموں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

پیٹ کمنز کی قیادت میں آسٹریلوی ٹیسٹ اسکواڈ میں کئی نامور کھلاڑی شامل ہیں۔

پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ممکنہ طور پر ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ اوپننگ جوڑی کے طور پر میدان میں اتریں گے۔ کینگروز کے پاس نائب کپتان اسٹیو اسمتھ ، الیکس کیری ، ٹریوس ہیڈ اور مارنوس لیبوشین جیسے منجھے ہوئے بلے باز بھی ہیں۔

بالنگ کے شعبے میں جوش ہیزلی وڈ، مچل اسٹارک اور نیتھن لیون کسی بھی مخالف ٹیم کو مشکل میں ڈالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اور کافی حد تک آسٹریلوی ٹیم کا انحصار ان بالرز پر ہو گا۔

آسٹریلوی ٹیسٹ اسکواڈ میں کیمرون گرین، اسکاٹ بولانڈ، ایشٹن اگر، مچ مارش، مائیکل نیسر، مچل سپوئپسن، مارکس ہیری اور جوش انگلس شامل ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ چار سے آٹھ مارچ کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ 12 سے 16 مارچ کو کراچی اور تیسرا 21 سے 25 مارچ کو لاہور میں شیڈول ہے۔

آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیموں کا اعلان دورے کے وسط میں کیا جائے گا۔

گرین شرٹس اور کینگروز کے درمیان تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کے تمام میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بالترتیب 29مارچ، 31 مارچ اور دو اپریل کو شیڈول ہیں۔

آسٹریلوی ٹیم کے دورے کا آخری اور واحد ٹی ٹوئنٹی میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button