تازہ ترینجرم کہانیخبریں

لاہور: صحافی قتل کیس میں گرفتار ملزمان کا 14 روزہ پولیس ریمانڈ

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے صحافی حسنین شاہ کے قتل کیس میں گرفتار ملزمان کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت میں گرفتار ملزمان عامر بٹ اور فرحان شاہ سمیت دیگر کو سخت سیکیورٹی میں پیش کیا گیا جہاں سرکاری وکیل عبدالرؤف وٹو نے ملزمان کے ریمانڈ کے لیے دلائل دیے۔

وکیل عبدالرؤف وٹو نے کہا کہ ملزمان سے مزید تفتیش درکار ہے لہٰذا عدالت 14 روزہ جسمانی ریمانڈ فراہم کرے۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان سے آلہ قتل سمیت دیگر ضروری شواہد برآمد کرنے کے لیے تفتیش درکار ہے۔

عدالت نے سرکاری وکیل کے دلائل پر پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزمان کو پولیس کے حوالے کردیا۔

واضح رہے کہ کیپٹل ٹی وی سے منسلک صحافی حسنین شاہ کو گزشتہ ہفتے لاہور پریس کلب کے سامنے گولیاں مار کر قتل کردیا گیا تھا۔

لاہور پریس کلب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پریس کلب کے سامنے شملہ پہاڑی چوک میں کونسل ممبر اور ‘کیپٹل ٹی وی’ کے کرائم رپورٹ حسنین شاہ قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے۔

لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چوہدری نے کہا تھا کہ لاہور کی تاریخ کا یہ اندوہناک واقعہ ہے، پریس کلب کے سامنے دن دہاڑے گولیاں مار کر صحافی کو قتل کردیا گیا، یہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے سوالیہ نشان ہے کہ امن و امان کی صورت حال کس قدر گھمبیر ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button