تازہ ترینخبریںپاکستان

جسٹس عمر عطا بندیال کی بطور چیف جسٹس منظوری

صدر مملکت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ جسٹس عمر عطا بندیال کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تعیناتی کردی گئی ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جسٹس عمر عطابندیال کو اگلا چیف جسٹس آف پاکستان تعینات کردیا۔

صدر مملکت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ جسٹس عمر عطا بندیال کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تعیناتی کردی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ صدر مملکت نے نئے چیف جسٹس کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 175 اے کے تحت کی ہے۔

صدر مملکت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جسٹس عمر عطا بندیال کی تعیناتی 2 فروری 2022 سے مؤثر ہوگی۔

بیان میں کہا گیا کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد یکم فروری 2022 کو اپنے منصب سے ریٹائر ہو جائیں گے۔

واضح رہے کہ جسٹس عمر عطا بندیال اس وقت چیف جسٹس گلزار احمد کے بعد عدالت عظمیٰ کے سینئر ترین جج ہیں۔

یاد رہے کہ چیف جسٹس گلزار احمد نے 21 دسمبر 2019 کوپاکستان کے 27ویں منصف اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے جسٹس گلزار احمد سے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف لیا تھا۔

ایوان صدر میں ہونے والی تقریب حلف برداری میں صدر مملکت کے علاوہ وزیر اعظم عمران خان، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وفاقی وزرا، صوبائی گورنرز سمیت سپریم کورٹ کے موجودہ اور سابق ججوں، سینئر وکلا اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی تھی۔

خیال رہے کہ جسٹس عمر عطا بندیال نے 17 جون 2014 کو سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔

حلف برداری کی تقریب سپریم کورٹ میں منعقد ہوئی تھی اور اس وقت کے چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے ان سے عدالت عظمیٰ کے جج کی حیثیت سے حلف لیا تھا۔

جسٹس عمرعطا بندیال اس سے قبل لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button