دنیا

برطانیہ میں رجسٹرڈ فلاحی تنظیم کی ٹیم پرغزہ میں اسرائیلی حملہ، آٹھ افراد جاں بحق

برطانیہ میں رجسٹرڈ فلاحی تنظیم الخیر فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ شمالی غزہ میں اسرائیلی حملے میں اس کے کارکنان کی ٹیم کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

الخیر فاؤنڈیشن کے مطابق اسرائیلی حملے میں آٹھ فلاحی کارکنان ہلاک ہوئے ہیں جن میں فلاحی کاموں کی عکسبندی کرنے والے صحافی بھی شامل تھے۔

فلاحی ادارے کا مزید کہنا تھا کہ یہ واقعہ سنیچر کو اس وقت پیش آیا جب فلاحی کارکنان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے کو حماس نے اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے کی ’سنگین خلاف ورزی‘ قرار دیا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کی جانب سے ’ڈرون اُڑانے والے دو دہشتگردوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جو کہ اسرائیل فوجیوں کے خطرہ تھے‘ اور اس کے بعد اس نے وہاں پہنچنے والے ’اضافی دہشتگردوں‘ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

الخیر فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ اس کی ٹیم کا کوئی بھی رُکن دہشتگرد نہیں تھا۔ فلاحی ادارے کے چیئرمین قاسم راشد احمد نے بتایا کہ ان کی ٹیم علاقے میں خیمے لگانے اور اپنی ادارے کی سرگرمیوں کی عکسبندی کے لیے گئی تھی۔

قاسم راشد احمد کا کہنا تھا کہ ان کے دو کیمرا مین اپنی کار کی طرف واپس آ رہے تھے اور اسی وقت انھیں نشانہ بنایا گیا، جبکہ ٹیم کے دوسرے افراد جب موقع پر پہنچے تو انھیں بھی اسرائیلی ڈرون نے نشانہ بنایا۔

غزہ میں حماس کے زیرِ انتظام وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ اس حملے میں متعدد دیگر افراد بھی زخمی ہوئے ہیں جنھیں شمالی غزہ کے انڈونیشین ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

جواب دیں

Back to top button